پاکستان اپنی ساکھ بچانے کے لئے جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے: ہندوستان

پاکستان ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں کے محفوظ ٹھکانے اور علاقائی عدم استحکام کے مرکز کے طور پر اپنی حرکتوں کو چھپانے کے لیے ہندوستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

وزارت خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے گزشتہ ماہ پاکستان میں داسو پروجیکٹ میں بم حملے میں چینی انجینئروں کی ہلاکت کے واقعے میں ہندوستان پر لگائے گئے الزامات پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے حوالے سے اپنی ساکھ بچانے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ ہم نے داسو کی واردات کے حوالے سے پاکستانی وزیر خارجہ کے مضحکہ خیز بیانات سے متعلق رپورٹیں دیکھی ہیں۔ یہ ممنوعہ دہشت گرد تنظیموں کے محفوظ ٹھکانے اور علاقائی عدم استحکام کے مرکز کے طور پر اپنی حرکتوں کو عالمی برادری کی نظروں سے چھپانے کے لیے ہندوستان کو بدنام کرنے کی ایک کوشش ہے۔


ارندم باغچی نے کہا کہ ہندوستان عالمی برادری کی شراکت میں دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں میں سرفہرست رہا ہے اور عالمی برادری دہشت گردی کے لیے پاکستان کے کردارسے بخوبی واقف ہے۔ پاکستان کے جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی الزامات پر کوئی یقین نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 13 جولائی کو صوبہ خیبر پختونخوا میں دریائے سندھ پر 4300 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو الیکٹرک منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینئروں کو لے جانے والی ایک بس پر خودکش حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملے میں 9 چینی انجینئر سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا کہ اس حملے میں ہندوستان اور افغانستان ملوث ہیں اور یہ حملہ پاکستان اور چین کی دوستی میں دراڑ پیدا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔