دردناک! میرٹھ میں ویران پلاٹ سے تین بچوں کی لاش برآمد، لوگوں میں زبردست غم و غصہ، پولیس چوکی کا گھیراؤ

سوالخاص علاقے میں اتوار کی دوپہر تک جو بچے کھلکھلاتے ہوئے محلے میں کھیل رہے تھے، پیر کی صبح ان کی لاشیں گھر کے سامنے پڑے ایک ویران پلاٹ میں ملنے سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سوالخاص پولیس چوکی۔ ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے میرٹھ ضلع کے سوالخاص علاقے میں اتوار کی دوپہر تک جو بچے کھلکھلاتے ہوئے محلے میں کھیل رہے تھے، پیر کی صبح ان کی لاشیں گھر کے سامنے پڑے ایک ویران پلاٹ میں ملنے سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ تینوں معصوم کی مشتبہ موت سے گاؤں کی فضا ماتم میں تبدیل ہو گئی۔ جائے وقوع پر پہنچتے ہی رشتہ داروں کی چیخیں سن کر ہر آنکھ نم ہو گئیں۔

یہ معاملہ سوالخاص وارڈ نمبر ایک کا ہے۔ 7 سال کی مانوی، 8 سال کے شیوانش اور رتیک اتوار کی صبح قریب 10 بجے گھروں کے سامنے کھیلتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ دوپہر میں جب بچوں کو کھانا کھانے کے لیے بلایا گیا تو وہ لاپتہ تھے۔ اہل خانہ نے پہلے خود تلاش کی پھر پورے قصبے میں منادی کرائی گئی لیکن بچے کہیں نہیں ملے۔


پیر کی صبح قریب پانچ بجے اسی محلے کے ایک ویران پلاٹ سے تینوں بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے گاؤں میں بھیڑ جمع ہو گئی۔ گھر والے بدحواس ہو گئے اور خواتین کا رو رو کر بُرا حال ہو گیا۔ تینوں بچوں کے والد مزدوری کرتے ہیں۔

تینوں بچوں کی موت سے گھر والوں اور گاؤں کے لوگوں میں زبردست غصہ پیدا ہو گیا اور لوگوں نے پولیس چوکی کا گھیراؤ کرتے ہوئے معاملے کے خلاصے کا مطالبہ کیا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ یہ حادثہ نہیں، قتل ہے۔ آج سے پہلے بھی قصبے کے کئی معصوم موت کے گھاٹ اتار دیے گئے ہیں لیکن کوئی سخت کارروائی عمل میں نہیں آئی ہے۔


وہیں پولیس فی الحال معاملے کی جانچ میں لگی ہے۔ سی او سردھنا آشوتوش کمار نے کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصلی وجہ صاف ہو پائے گی۔ اہل خانہ کو معاملے کے خلاصے اور سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ فی الحال گاؤں میں ماتم کے ساتھ دہشت کا ماحول ہے۔ ہر کسی کے ذہن میں یہی سوال اٹھ رہا ہے کہ آخر ان معصوم بچوں کا کیا قصور تھا؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔