پہلگام حملہ: جب تک دہشت گرد مارے نہ جائیں، آپریشن سندور ادھورا رہے گا، سنجے راوت کا بیان
سنجے راوت نے کہا کہ پہلگام حملے کے مجرم دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن سندور مکمل نہیں ہوگا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر سوالات اٹھاتے ہوئے نمائندہ وفد پر بھی تنقید کی

ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) کے رہنما سنجے راوت نے پہلگام دہشت گرد حملے کے مجرموں کے خاتمے تک ’آپریشن سندور‘ کو نامکمل قرار دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جب تک ان دہشت گردوں کا مکمل صفایا نہیں ہوتا جنہوں نے 22 اپریل کو پہلگام میں حملہ کیا، تب تک حکومت کی کارروائی کو مکمل نہیں مانا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردوں نے ہماری ماؤں بہنوں کا سندور چھین لیا۔ 26 بے گناہ شہریوں کو بے رحمی سے قتل کیا گیا لیکن آج تک یہ نہیں پتہ کہ ان دہشت گردوں کا کیا ہوا۔ انہوں نے سوال کیا، "کیا حکومت نے ان کے خلاف کوئی کارروائی کی؟ اگر کی گئی تو اس کی تفصیلات عوام کو کیوں نہیں بتائی گئیں؟"
سنجے راوت نے مزید کہا کہ پہلگام حملے کے بعد حکومت نے پاکستان کو جواب ضرور دیا اور کچھ دنوں تک دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بھی رہی لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کے بعد جنگ بندی کا اعلان ہو گیا۔ اب حکومت ’آپریشن سندور‘ کے تحت ارکان پارلیمنٹ کو بیرون ملک بھیج رہی ہے تاکہ ہندوستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک وفود بھیجنا کوئی بری بات نہیں لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود یہ اہم سوال باقی ہے کہ حملے کے اصل مجرم کہاں ہیں؟
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پہلگام حملے کے چھ دہشت گردوں کی ہلاکت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا، "جب تک ان دہشت گردوں کا خاتمہ نہیں ہوتا، تب تک 'آپریشن سندور' ادھورا ہی رہے گا۔"
سنجے راوت نے اس بات پر بھی اعتراض کیا کہ حکومت نے جو نمائندہ وفد تشکیل دیا ہے، اس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف عالمی رائے ہموار کرنا کم اور اپوزیشن میں دراڑ ڈالنا زیادہ لگتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی نیت صاف نہیں ہے اور وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے بجائے اپوزیشن سے سیاسی لڑائی لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا، "یہ وفد اگر واقعی قومی مفاد میں ہے تو اس پر تمام جماعتوں کا اعتماد ہونا چاہیے۔"
یاد رہے کہ مرکزی حکومت نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ پر مشتمل ایک نمائندہ وفد تشکیل دیا ہے، جو بیرون ملک جا کر پہلگام حملے، پاکستان کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی، اور بھارت کے مؤقف کو دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔