پہلگام حملہ: 2 ملزمین کو 5 دنوں کے لیے این آئی اے کی ریمانڈ میں بھیجا گیا، پاکستانی دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام
این آئی اے کے ایک افسر کے مطابق گرفتار ملزمین نے دہشت گردانہ حملے میں شامل تینوں دہشت گردوں کی شناخت ظاہر کی ہے۔ انھوں نے پوچھ تاچھ کے دوران یہ بھی کہا کہ وہ لشکر طیبہ سے منسلک تھے۔

این آئی اے، تصویر سوشل میڈیا
کشمیر واقع سیاحتی مقام پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے بعد گرفتار 2 ملزمین کی 5 روزہ ریمانڈ قومی جانچ ایجنسی ’این آئی اے‘ کو مل گئی ہے۔ ایک مقامی عدالت نے 23 جون کو پہلگام کے بٹکوٹ باشندہ پرویز احمد جوتھر اور ہل پارک باشندہ بشیر احمد جوتھر کو این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا۔ دونوں پر پاکستانی دہشت گردوں کو پناہ دینے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔
این آئی اے کے ایک افسر کے مطابق گرفتار ملزمین نے دہشت گردانہ حملے میں شامل تینوں دہشت گردوں کی شناخت ظاہر کی ہے۔ انھوں نے پوچھ تاچھ کے دوران یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے منسلک تھے۔ تینوں نے 22 اپریل کو پہلگام میں حملہ کیا تھا، جس میں 26 معصوم لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ ان میں بیشتر سیاح تھے۔ اس کے علاوہ 16 افراد بری طرح زخمی بھی ہوئے تھے۔
بہرحال، این آئی اے افسر کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمین کو جموں کے ایڈیشنل ضلع و سیشن جج رتیش کمار دوبے کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ انھیں 27 جون تک 5 دنوں کے لیے این آئی اے کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ پرویز اور بشیر پر الزام ہے کہ انھوں نے دہشت گردانہ حملے سے پہلے ہل پارک میں ایک موسمی ڈھوک (جھونپڑی) میں تینوں دہشت گردوں کو پناہ دی تھی۔ یہاں سے تینوں نے وادی پہنچ کر دہشت گردانہ حملہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں شامل تینوں دہشت گرد ابھی پکڑے نہیں گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز لگاتار ان کی تلاش کر رہے ہیں۔ الگ الگ جانکاریوں کی بنیاد پر ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور کچھ وقت قبل ان کے پوسٹر بھی جاری کیے گئے تھے۔ اس حملے میں شامل لوگوں کی جانکاری دینے والے کو 20 لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ جانکاری دینے والوں کی پہچان راز میں رکھی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔