لکھنؤ کے لولو مال میں پی اے سی تعینات، ڈرون سے ہو رہی نگرانی

لولو مال میں پی اے سی تعینات کر دی گئی ہے اور شرپسند عناصر پر ڈرون سے نگرانی کی جا رہی ہے، نصف کلومیٹر پہلے پولیس نے بیریکیڈنگ لگا دی ہے جہاں چیکنگ کے بعد ہی مال کے اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

لولو مال
لولو مال
user

قومی آوازبیورو

گزشتہ کچھ دنوں سے لکھنؤ واقع لولو مال سرخیوں میں ہے۔ لولو مال کے افتتاح کے دو دن بعد مال میں نماز پڑھے جانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کے بعد تنازعہ بڑھ گیا۔ اب مزید حالات خراب نہ ہوں، اس لیے پی اے سی کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی شرپسند عناصر پر ڈرون سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ نصف کلومیٹر پہلے پولیس نے بیریکیڈنگ لگا دی ہے جہاں پر چیکنگ کے بعد ہی مال کے اندر جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہفتہ کے روز دن بھر مال کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالنے کے بعد پولیس اس نتیجہ پر پہنچی تھی کہ نماز پڑھنے کے نام پر کچھ لوگوں نے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی۔ پہلے تو وہ لوگ مال میں پہنچے، نماز پڑھی، ویڈیو بنائی اور پھر نکل گئے۔ سی سی ٹی وی کا سچ سامنے آنے کے بعد ڈی سی پی گوپال گویل کو ہٹا دیا گیا تھا اور سوشانت گولف سٹی تھانے کے انسپکٹر اکشے پرتاپ سنگھ کو لائن حاضر کر دیا گیا تھا۔ فوٹیج میں نظر آ رہے چہروں کی بنیاد پر پولیس اب ان کی تلاش کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */