فوجی اور فضائیہ سربراہان رافیل پر جاری بحث میں نہ کودیں، چدمبرم کی صلاح

پی چدمبرم نے کہا ’’مودی حکومت نے رافیل سودے پر سپریم کورٹ کے ساتھ عوام کو بھی گمراہ کیا ہے، حکومت نے عدالت میں کہا کہ سی اے جی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش ہو چکی ہے جبکہ یہ سراسر جھوٹ ہے۔‘‘

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کی فائل تصویر
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کی فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

رافیل سودے کے حوالہ سے فضائیہ سربراہ کے بیان پر کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبرم نے اعتراض ظاہر کیا ہے۔ چدمبرن نے کہا کہ وہ فضائیہ کے سربراہ پر سوال نہیں کھڑے کر رہے۔ ان سے فوجی اور فضائیہ سربراہان سے گزارش ہے کہ وہ اس باحث سے باہر رہیں کیوں کہ کوئی بھی طیاروں کی صلاحیت پر شبہ ظاہر نہیں کر رہا ہے۔ سوال صرف سودے پر کھڑے کئے جا رہے ہیں۔

چدمبرم نے رافیل سودے کو لے کر ایک بیان بھی جاری کیا ہے۔ کانگریس کے سینئر رہنما نے بی جے پی اور ان لوگوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے جو سپریم کوٹ کے فیصلہ کو بنیاد بنا کر رافیل سودے کو کلین چٹ دے رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا، ’’رافیل سودے پر سپریم کورٹ کے فیصلہ سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عدالت عظمی نے دو باتوں کو دھیان میں رکھ کر فیصلہ سنایا ہے۔ ایک جس پر عدالت فیصلہ دے سکتی ہے اور دوسرا خرید کا عمل سے وابستہ ہے جس میں عدالت دخل اندازی نہیں کر سکتی۔‘‘

چدمبرم نے کہا کہ مودی حکومت نے رافیل سودے کو لے کر سپریم کورٹ کے ساتھ عوام کو بھی گمراہ کیا ہے۔ عدالت میں حکومت نے کہا کہ سودے پر سے اے جی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جا چکی ہے اور پی اے سی سے بھی رپورٹ پاس ہو چکی ہے لیکن یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ اس پر سی اے جی کی رپورٹ نہیں آئی ہے۔ بعد میں حکومت نے الٹے سپریم کورٹ کے ججوں کی انگریزی پر ہی سوال کھڑے کر دئے۔ حکومت عدالت عظمیٰ کو بھی گرامر کا سبق پڑھا رہی ہے۔‘‘

چدمبرم نے اپنے بیان میں مزید کہا، ’’سپریم کوٹ نے اپنے دائرہ اختیار کا حوالہ دیتے ہوئے رافیل کے مختلف پہلؤوں فیصلہ دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ایسے میں سوال یہ کھڑا ہوتا ہے کہ سودے میں ہوئی بے ضابطگی کے بارے میں پتہ کرنے کا راستہ آخر کیا ہے! جواب یہ ہے کہ اس کے لئے جے پی سی تشکیل دی جانی چاہئے، چونکہ جے پی سی کی جانچ سے ہی راز فاش ہو پائے گا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سربراہ ہندوستانی فضائیہ بی ایس دھنووا کا بیان منظر عام پر آیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہماری فوج کو رافیل طیاروں کی جلد از جلد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رافیل ہماری فوج کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور یہ کھیل کو تبدیل کر دینے والا جنگی جہاز ہے۔ دھنووا نے بغیر نام لئے سودے پر سوال اٹھانے والوں پر نشانہ سادھا تھا۔ اسی بیان پر چدمبرم نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔