کورونا بحران کے درمیان دہلی میں آکسیجن کی کالا بازاری، 50 ہزار میں بیچ رہے تھے سلینڈر، 3 گرفتار

پولیس نے ان ملزامان کے پاس سے چار آکسیجن سلینڈر اور پانچ نائٹروجن سلینڈر کے ساتھ کئی فلومیٹر بھی برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے ان تینوں کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے اور جانچ کی جا رہی ہے۔

آکسیجن کی کالا بازاری / آئی اے این ایس
آکسیجن کی کالا بازاری / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ساؤتھ دہلی پولیس نے تین ایسے لوگوں کو گرفتار کیا ہے جو آکسیجن اور نائٹروجن سلینڈر کی کالا بازاری کر رہے تھے۔ ملک بھر میں آکسیجن کی قلت کی وجہ سے کچھ لوگ زیادہ منافع حاصل کرنے کے چکر میں ’آپدا کو اوسر‘ میں بدل رہے ہیں اور کالا بازاری پر اتر آئے ہیں۔

ڈی سی پی ساؤتھ دہلی اتل ٹھاکر نے بتایا کہ ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ آکسیجن سلینڈر بے حد مہنگے داموں پر بلیک کر رہے ہیں اور اس میں بہت زیادہ منافع خوری کر رہے ہیں۔ دہلی پولیس کی ٹیم نے ان کوگوں پر لگاتار نظر بنا کر رکھی ہوئی تھی۔ اسی دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ ایک شخص گھٹورنی میٹرو اسٹیشن کے نزدیک آکسیجن کی کالا بازاری کر رہا ہے۔


اطلاع موصول ہونے کے ساتھ ہی پولیس کی ٹیم وہاں پہنچی اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار کیے گئے شخص کا نام موہت ہے۔ پولیس کو اس کے قبضہ سے ایک بڑا سلینڈر اور ایک چھوٹا سلینڈر برآمد ہوا ہے۔ پوچھ گچھ میں اس نے بتایا کہ بڑے سلینڈر کو وہ 50 ہزار روپے اور چھوٹے سلینڈر کو 30 ہزار میں فروخت کر رہا تھا۔

پوچھ گچھ میں موہت نے یہ بھی بتایا کہ اسے سلینڈر سُمت اور انصار احمد نام کے لوگ فراہم کر رہے تھے، جس کے بعد وہ مہنگے داموں پر آگے بیچ رہا تھا۔ موہت کی نشاندہی پر پولیس نے دہلی کے آیا نگر علاقہ میں چھاپہ مار کر سُمت اور انصار احمد کو بھی گرفتار کر لیا۔


پولیس نے ان کے پاس سے چار آکسیجن سلینڈر اور پانچ نائٹروجن سلینڈر کے ساتھ کئی فلومیٹر بھی برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے ان تینوں کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے اور جانچ کی جا رہی ہے۔ یہ بھی پتا کیا جا رہا ہے کہ یہ لوگ آکسیجن سلینڈروں کی کتنی کالا بازاری کر چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔