بہار میں اویسی کی ’پتنگ‘ نے بھری شاندار پرواز، 5 سیٹوں پر ملی جیت، بی جے پی، جنتا دل یو، کانگریس، آر جے ڈی کو دی شکست

2020 کے اسمبلی انتخاب میں بھی اے آئی ایم آئی ایم نے 5 سیٹیں جیتی تھیں۔ اس بار 5 سیٹوں پر جیت حاصل کرنے کے لیے اے آئی ایم آئی ایم نے بی جے پی، جنتا دل یو، کانگریس اور آر جے ڈی امیدواروں کو شکست دی۔

اسدالدین اویسی، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

بہار اسمبلی انتخاب کے نتائج نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ این ڈی اے نے یکطرفہ انداز میں تقریباً 200 سیٹوں پر جیت حاصل کر لی ہے، یا پھر سبقت بنائے ہوئے ہے۔ مہاگٹھ بندھن کی پارٹیوں کا حال بہت برا ہوا ہے، جس نے سیاسی ماہرین کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے۔ این ڈی اے کی بہترین کارکردگی اور مہاگٹھ بندھن کی مایوس کن کارکردگی کے درمیان اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم (آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین) کی ’پتنگ‘ (انتخابی) پچھلی بار کی طرح ہی اس بار بھی شاندار پرواز بھرتی نظر آئی۔

دراصل اے آئی ایم آئی ایم نے 2020 کے اسمبلی انتخاب میں 5 سیٹیں جیتی تھیں۔ اس بار بھی اسے 5 سیٹوں پر جیت مل چکی ہے اور اس کے لیے اے آئی ایم آئی ایم نے بی جے پی، جنتا دل یو، کانگریس اور آر جے ڈی امیدواروں کو شکست دی ہے۔ یعنی 5 سیٹوں پر 4 بڑی پارٹیوں کے امیدواروں کو شکست دے کر اویسی کی پارٹی نے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بہار میں اے آئی ایم آئی ایم کا ووٹ شیئر تقریباً 2 فیصد ہے۔


جوکی ہاٹ سیٹ پر اے آئی ایم آئی ایم امیدوار محمد مرشد عالم (83737 ووٹ) نے 28803 ووٹوں کے فرق سے جنتا دل یو امیدوار منظر عالم کو شکست دی۔ اس سیٹ پر تیسرا مقام جَن سوراج پارٹی کے امیدوار سرفراز عالم نے حاصل کیا، جنھیں 35 ہزار سے زائد ووٹ ملے۔ بہادر گنج سیٹ پر اے آئی ایم آئی ایم امیدوار محمد توصیف عالم نے کانگریس امیدوار محمد مصور عالم کو شکست دی۔ توصیف کو 87315 ووٹ ملے اور انھوں نے 28726 ووٹوں سے جیت حاصل کی۔ ایل جے پی (ر) امیدوار محمد کلیم الدین تیسرے مقام پر رہے، جنھیں 57 ہزار سے زائد ووٹ ملے۔ اسی طرح کوچادھامن سیٹ سے اے آئی ایم آئی ایم امیدوار سرور عالم نے آر جے ڈی امیدوار مجاہد عالم کو 23 ہزار سے زائد ووٹوں سے ہرایا۔ سرور عالم کو 81 ہزار 860 ووٹ ملے۔ بی جے پی کی بینا دیوی 44858 ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہیں۔

امور اسمبلی سیٹ پر امید کے مطابق بہار اے آئی ایم آئی ایم صدر اخترالایمان نے کامیابی کا پرچم لہرایا۔ انھوں نے 100836 ووٹ حاصل کیے اور تقریباً 39 ہزار ووٹوں کے فرق سے جنتا دل یو امیدوار صبا ظفر کو شکست دی۔ صبا ظفر کو تقریباً 62 ہزار ووٹ ملے۔ کانگریس امیدوار عبدالجلیل مستان 52791 ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔ بائسی سیٹ پر بھی اے آئی ایم آئی ایم نے جیت حاصل کی۔ یہاں سے پارٹی امیدوار غلام سرور نے بی جے پی امیدوار ونود کمار کو 27251 ووٹوں سے ہرایا۔ سرور کو جہاں 92766 ووٹ ملے، وہیں ونود کو 65515 ووٹ حاصل ہوئے۔ آر جے ڈی امیدوار عبدالسبحان 56 ہزار ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔