دہلی اسمبلی انتخابات: طاہر حسین کو اویسی نے دیا ٹکٹ، مصطفی آباد سے ہوں گے امیدوار

اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے دہلی فسادات کے ملزم طاہر حسین کو 2025 کے اسمبلی انتخابات کے لیے مصطفیٰ آباد سیٹ سے امیدوار نامزد کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی میں اگلے سال اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں تیز ی آئی ہے اور پارٹیاں اپنے امیدواروں کا اعلان کر رہی ہیں۔ دریں اثنا، اسدالدین اووایسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے دہلی فسادات کے ملزم طاہر حسین کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ طاہر حسین، جو اس سے پہلے عام آدمی پارٹی کے ممبر تھے، اب ایم آئی ایم کے امیدوار ہوں گے اور وہ مصطفیٰ آباد آباد اسمبلی حلقے سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔

اویسی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس بات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ایم سی ڈی کے سابق کونسلر طاہر حسین اے آئی ایم آئی ایم میں شامل ہو گئے ہیں اور آئندہ دہلی اسمبلی انتخابات میں وہ ہمارے امیدوار ہوں گے۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں نے آج مجھ سے ملاقات کی اور پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔‘‘


واضح رہے کہ طاہر حسین پر 2020 کے دہلی فسادات کے دوران تشدد بھڑکانے کی سازش کرنے کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔ اس سال مئی میں دہلی کی عدالت نے انہیں فسادات کے ایک معاملے میں ضمانت دی تھی، تاہم وہ اب بھی دیگر معاملات میں ملزم ہیں۔ ان پر فرقہ وارانہ فسادات کی بڑی سازش میں ملوث ہونے اور مالی معاونت فراہم کرنے کے الزامات ہیں۔

دہلی کی ایک عدالت نے طاہر حسین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ دہلی فسادات میں وہ براہ راست طور پر ملوث نہیں تھے اور وہ 3 سال سے زیادہ وقت جیل میں گزار چکے ہیں۔ تاہم ان پر دیگر مقدمات قائم کئے گئے ہیں جن کی بنا پر وہ جیل سے رہا نہیں ہو پائے۔

2020 کے دہلی فسادات کے دوران طاہر حسین پر الزام تھا کہ انہوں نے 25 فروری کو ایک دکان میں توڑ پھوڑ اور آگ لگانے والی بھیڑ کی قیادت کی تھی، جس کے بعد ان کے خلاف کھجوری خاص پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔