اسدالدین اویسی بے وقوف ہیں: شری شری

آرٹ آف لیونگ کے روحانی پیشوا شری شری روی شنکر نے اپنے بیان پر اسدالدین اویسی کے سخت رد عمل پر زیادہ کچھ بولنے سے انکار کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بابری مسجد اور رام مندر ایشو پر ہندوستان کے شام بن جانے سے متعلق شری شری روی شنکر کے بیان پر حیدر آباد کے ممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے سخت رد عمل ظاہر کیا تھا اور اب شری شری روی شنکر نے انھیں بے وقوف قرار دے دیا ہے۔ دراصل جب نامہ نگاروں نے شری شری روی شنکر سے اسدالدین اویسی کے ذریعہ ان پر لگائے گئے الزامات پر ان کا نظریہ جاننے کی کوشش کی تو انھوں نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ’’میں ان کے جیسے بےوقوفوں پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے اس سلسلے میں زیادہ بات کرنے سے انکار بھی کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ پرائیویٹ ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے جلد رام مندر نہیں بننے کی صورت میں ملک کے شام بننے کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور ان کے اس بیان کی سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ سیاسی گلیاروں میں بھی زبردست تنقید ہوئی تھی۔

شری شری کے اسی بیان پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسدالدین اویسی نے کہا تھا کہ ’’روی شنکر خود کو بڑا سمجھنے لگے ہیں، انھیں لگتا ہے کہ ہر کوئی ان کی بات مان لے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’روی شنکر کو آئین پر بھروسہ نہیں ہے۔ وہ قانون کو نہیں مانتے۔ انھیں لگتا ہے کہ وہ خود ہی قانون ہیں۔ انھیں لگتا ہے کہ وہ اتنے بڑے ہو گئے ہیں کہ سب لوگ ان کی بات سنیں گے۔‘‘ روی شنکر کے ذریعہ ہندوستان کے شام بن جانے سے متعلق دیے گئے بیان سے اویسی اتنے ناراض ہیں کہ انھوں نے اس کے خلاف شکایت درج کرانے کی بات تک کہہ ڈالی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔