تیسرا مرحلہ: بنگال، تریپورہ، آسام، گوا اور کیرالہ میں زبردست پولنگ

تیسرے مرحلہ میں 13ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں کی 116 سیٹوں پر کئی مقامات پر ہوئے پر تشدد واقعات کے باوجود 63.64 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: سترہویں لوک سبھا کے لیے منگل کےروز تیسرے مرحلہ میں 13ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں کی 116 سیٹوں پر کئی مقامات پر ہوئے پر تشدد واقعات کے باوجود 63.64 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔ مغربی بنگال، تریپورہ، آسام، گوا اور کیرالہ میں زبردست پولنگ ہوئی ہے۔

تیسرے مرحلہ میں مغربی بنگال کی پانچ سیٹوں پر کل 79اعشاریہ 36فیصد پولنگ کی خبر ہے ۔سب سے کم ووٹنگ جموں کشمیر کی اننت ناگ سیٹ پر محض 12اعشاریہ 86فیصد ہوئی ۔اننت ناگ سیٹ کے کچھ علاقوں میں ہی آج پولنگ ہوئی ہے ۔
آسام میں 78اعشاریہ 56فیصد،تریپورہ میں 78اعشاریہ 52فیصد ،دادرنگر حویلی میں 71اعشاریہ 43فیصد پولنگ ہونے کی رپورٹ ہے جبکہ گوامیں 71اعشاریہ 26فیصد اور کیرالہ میں 70اعشاریہ 26فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
چھتیس گڑھ میں 66اعشاریہ 78فیصد اور دمن اور دیو میں 65اعشاریہ 34فیصد ووٹنگ ہوئی ہے ۔کرنا ٹک 64اعشاریہ 58فیصد ،گجرات میں 60اعشاریہ 93،بہار میں 59اعشاریہ 97فیصد ،اوڈیشہ میں 58اعشاریہ 18فیصد اور اترپردیش میں 58اعشاریہ 04فیصد پولنگ ہوئی ہے۔مہاراشٹر میں 57اعشاریہ 05فیصدووٹروں نے ووٹ ڈالے ۔

وزیراعظم نریندرمودی کی آبائی ریاست گجرات کی سبھی 26لوک سبھا سیٹوں پر دوپہر میں تیز گرمی اور درجہ حرارت میں اضافہ کے باوجود ووٹروں میں کافی جوش وخروش تھا۔حالانکہ کچھ مقامات پر دوپہر کےبعد قطاریں غائب ہوگئی تھیں ۔ویسے صبح ہی کئی پولنگ مراکز پر طویل قطاریں لگ گئی تھیں ۔

صبح جلد ہی ووٹ ڈالنے والوں میں وزیراعظم نریندرمودی نے احمدآباد کے رانپ میں نشان اسکول میں بنے بوتھ پر ووٹ دیا۔اس موقع پر گاندھی نگر لوک سبھا سیٹ کے بی جے پی امیدوار اور پارٹی صدر امت شاہ بھی انکےاستقبال کے لیے موجود تھے ۔

وزیراعظم کی تقریبا 90سال کی ماں ہیرا بین نے گاندھی نگر کے رائے سن گاؤں کے ایک بوتھ پر ووٹ دیا۔ مودی نے ووٹ ڈالنے سے پہلے یہاں ماں ہیرابین سے ملاقات کی اور انکا آشیرواد لیا۔انکی اہلیہ جسودابین نے مہسانہ لوک سبھا حلقہ کے اونجھا علاقہ میں ووٹ ڈالا جہاں اسمبلی ضمنی انتخاب بھی ہورہاہے ۔

شاہ نے بعد میں فیملی کے ساتھ نارائن پورہ میں ووٹ دیا۔مدھیہ پردیش کی گورنر اور گجرات کی سابق وزیراعلی آنندی بین پٹیل نے احمدآباد کے شیلج میں ووٹ ڈالا ۔وزیراعلی وجے روپانی نے اہلیہ انجلی بین کے ساتھ راجکوٹ میں ووٹ دیا۔اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے امیدوار پریش دھانانی نے امریلی میں ووٹنگ کی ۔کانگریس لیڈر ہاردک پٹیل نے سریندرنگر لوک سبھا حلقہ ک تحت آنے والے ویرمگام میں ووٹ ڈالا۔

گجرات میں انتخابات کے دوران بی جےپی صدر امت شاہ ،ریاستی حکومت کےوزیرپربت پٹیل ،چار مرکزی وزرا اور ریاستی اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر پریش دھانانی کے علاوہ دیگر سات کانگریسی ارکان اسمبلی سمیت 371امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا ۔بی جے پی کےسینئر لیڈر اور گاندھی نگر سیٹ کی چھ بار پارلیمنٹ میں نمائندگی کرچکے لال کرشن اڈوانی نے شاہ پور کے ہندی اسکول بوتھ میں عام ووٹر کی طرح ووٹ ڈالا جواحمدآباد مغرب لوک سبھا حلقہ کےتحت آتاہے ۔ان کے ساتھ انکی بیٹی پرتبھا بھی موجود تھیں ۔وزیرخزانہ ارون جیٹلی نے گاندھی نگر حلقہ کےتحت آنے والے احمدآباد کے ایس جی ہائی وے کے نزدیک چمن بھائی انسٹی ٹیوٹ بوتھ پر ووٹ دیا۔
وزیراعظم سے مبینہ طورپر قربت کی وجہ سے کانگریس صدر راہل گاندھی کےنشانہ پر رہنے والے ارب پتی صنعت کار گوتم اڈانی نے محمدپورہ میں ووٹ ڈالا۔کانگریس کے لیڈر احمد پٹیل نے بھروچ کے انکلیشور میں ووٹ دیا۔سابق وزیراعلی شنکر سنگھ واگھیلا اور مادھوسنگھ سولنکی نے گاندھی نگر اور سابق وزیراعلی کیشو بھائی پٹیل نے راجکوٹ میں ووٹ ڈالا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Apr 2019, 8:10 PM