مغربی بنگال میں خراب موسم کے سبب 30 سے زائد پروازیں منسوخ، پوجا کی چھٹیاں 2 دن قبل کرنے کا اعلان
کولکاتا ایئرپورٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’اب تک کم از کم 30 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 31 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔‘‘
کولکاتا: مغربی بنگال کے کئی علاقوں، خصوصاً راجدھانی کولکاتا میں موسلادھار بارش نے معمولات زندگی پر منفی اثر ڈالا ہے۔ اس خراب موسم نے فضائی سفر کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے، نتیجۂ کار 30 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں متعدد پروازیں طویل تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ حکام کے مطابق شدید بارش کے نتیجے میں کولکاتا کے مختلف علاقوں میں بہت زیادہ پانی بھر گیا، جس سے ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ جو حالات پیدا ہو چکے ہیں، ان میں ہزاروں افراد مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے پوجا کی چھٹیاں بھی 2 دن قبل کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق کولکاتا کے نیتاجی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے پر موسمی حالات کے باعث کئی پروازیں زمین پر ہی روک دی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش اور حدِ نگاہ میں کمی نے پروازوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خطرات پیدا کر دیے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہونا پڑا۔ کولکاتا ایئرپورٹ کے ایک افسر نے بتایا کہ ’’اب تک کم از کم 30 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 31 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔‘‘
ہوائی سفر کے شعبے کو مزید رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ خلیجِ بنگال کے شمال مشرقی حصے میں بننے والے کم دباؤ کے نظام کے باعث آئندہ دنوں میں مزید بھاری بارش ہوگی۔
اس سے قبل جو خبریں سامنے آئیں، اس میں بتایا گیا کہ بارش کا پانی گھروں اور رہائشی عمارتوں میں داخل ہو چکا ہے۔ اس سے کئی طرح کے مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ تب پیش آیا جب ایک جگہ بجلی کی تاریں پانی میں گرنے سے پانی میں بجلی کا کرنٹ دوڑ گیا۔ اس کرنٹ کے باعث اب تک 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس حادثہ کے بعد کولکاتا الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں احتیاطاً بجلی کی فراہمی منقطع کر دی جائے۔
موسلادھار بارش کے سبب کئی علاقوں میں فکر انگیز حالات پیدا ہو گئے ہیں۔ مہانائک اُتم کمار اور ربندر سروبر اسٹیشنوں کے درمیان پانی بھر گیا ہے، جس کے باعث شہید خودی رام سے میدان اسٹیشن کے درمیان میٹرو سروس عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔ دکشینیشور سے میدان تک میٹرو سروس محدود کیے جانے کی خبریں بھی موصول ہو رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے الرٹ کیا ہے کہ شہر میں مزید بارش متوقع ہے، اس لیے بلاوجہ باہر نہ نکلیں۔
آئی ایم ڈی کے مطابق خلیجِ بنگال کے شمال مشرقی حصے میں کم دباؤ کا نظام بنا ہوا ہے جو شمال مغرب کی سمت بڑھ سکتا ہے۔ اس کے اثرات کے باعث جنوبی بنگال کے کئی اضلاع میں بدھ تک بھاری سے انتہائی بھاری بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں مشرقی و مغربی میدنی پور، جنوبی 24 پرگنہ، جھاڑگرام اور بانکوڑہ شامل ہیں۔ تازہ حالات کی بات کی جائے تو کولکاتا میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے مطابق سب سے زیادہ بارش جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ریکارڈ کی گئی۔ چند گھنٹوں کے دوران گریا کامدھاری میں 332 ملی میٹر، جودھپور پارک میں 285 ملی میٹر، کالی گھاٹ میں 280 ملی میٹر، توپسیا میں 275 ملی میٹر، بلی گنج میں 264 ملی میٹر اور شمالی کولکاتا کے تھانٹانیا میں 195 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔