سبکدوش گورنر نرسمہن نے تلنگانہ اور اے پی کے مسائل کے حل کے لئے پُل کا کام کیا

یو پی اے کے دور میں 29 دسمبر 2009 کو اس وقت کے چھتیس گڑھ کے گورنر کے طورپر فرائض انجام دینے والے ای ایس ایل نرسمہن کو تلنگانہ کے گورنر کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کی جگہ اب تمل سائی سوندرا راجن کو نیا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ نرسمہن نے گورنر کے طور پر اپنی معیاد کے دوران کئی اہم کام کیے اورتلنگانہ و اے پی کے مسائل کے حل کے لئے پُل کا کام کیا۔

یہ ایک محض اتفاق ہے کہ تلنگانہ کی نئی گورنر کا تعلق بھی تمل ناڈو سے ہے جبکہ نرسمہن بھی اسی ریاست سے تعلق رکھتے ہیں جن کو متحدہ آندھراپردیش اور پھر حال کے دونوں تک تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے مشترکہ گورنر کے طور پرفرائض انجام دینے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔


ای ایس ایل نرسمہن نے اس وقت متحدہ آندھراپردیش کے گورنر کی اہم ذمہ داری سنبھالی جب تلنگانہ تحریک عروج پر تھی۔ متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دلانے کیلئے ٹی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھرراو کی جانب سے کی گئی بھوک ہڑتال پر اس وقت کی مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں اس اعلان سے دستبرداری اختیار کی گئی تھی۔

یو پی اے کے دور میں 29 دسمبر 2009 کو اس وقت کے چھتیس گڑھ کے گورنر کے طورپر فرائض انجام دینے والے ای ایس ایل نرسمہن کو تلنگانہ کے گورنر کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ 2014 میں ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے درمیان مختلف مسائل کی یکسوئی کے ساتھ ساتھ دونوں ریاستوں میں اثاثہ جات کی تقسیم میں بھی گورنر کے طورپر نرسمہن نے اہم رول ادا کیا ہے۔


جب اے پی کے وزیراعلی چندرا بابونائیڈو تھے تو اس وقت دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے درمیان تنازعات اور مسائل کی یکسوئی میں نرسمہن نے اہم کردار ادا کیا تھا جس کیلئے انہوں نے دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلی کا مشترکہ اجلاس بھی طلب کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ بعد ازاں جب جگن موہن ریڈی وزیراعلی بنے تو انہوں نے دونوں ریاستوں کے درمیان مسائل کے حل کے لئے پیشرفت کی تھی۔

انہیں آئی پی ایس اے پی کیڈر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ محکمہ پولس کے تعلق سے وہ کافی تجربہ رکھتے ہیں۔ گورنر نے اپنی کوششوں سے راج بھون کے قریب واقع اسکول کو رول ماڈل میں تبدیل کیا۔تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں وزیراعلی کے چندرشیکھرراو گورنر نرسمہن سے مشورے اور رائے لیتے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */