حمزہ بن لادن کی 9/11 حملہ میں شامل عطاء الرحمن کی بیٹی سے شادی

لندن: اسامہ بن لادن کے اہل خانہ نے انکشاف کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے نائن الیون حملے کے اصل کردار محمد عطاء کی بیٹی سے شادی کرلی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

القاعدہ کے سرغنہ رہے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن نے شادی کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس نے 9/11 حملہ میں شامل رہے عطاء الرحمن کی بیٹی کو اپنی دلہن بنایا ہے۔ اسامہ کے خاندان نے شادی کی تصدیق کی ہے۔ حمزہ کی بیوی مصر کی شہری بتائی جاتی ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد اور حسن العطاس نے ’دی گارجین ‘ کو دئیے انٹرویو میں بتایا کہ حمزہ بن لادن القاعدہ کے انتہائی اہم عہدے پر فائز ہے تاکہ وہ اپنے والد کی موت کا بدلہ لے سکے۔ واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کو 7 برس قبل پاکستان کے ایبٹ آباد میں امریکی فوجیوں نے ایک آپریشن کے دوران قتل کردیا تھا۔

انٹرویو کے دوران اسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی احمد العطاس نے کہا کہ ’’ہم نے سنا ہے کہ حمزہ بن لادن نے محمد عطا کی بیٹی سے شادی کرلی ہے لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہے، شاید وہ افغانستان میں ہو۔‘‘ حسن العطاس نے مزید کہا کہ ’’جب ہم نے یہ سوچا کہ اب سب کچھ ختم ہو گیا ، تو حمزہ بن لادن نے کہا کہ میں اپنے والد کا بدلہ لینے جارہا ہوں، اس کے بعد اس سے دوبارہ ملاقات نہیں ہوئی۔‘‘

حمزہ بن لادن، اسامہ بن لادن کی تیسری شریک حیات خیریہ صابر کا بیٹا ہے اور خیریہ صابر اس وقت ایبٹ آباد میں اسی کمپاؤنڈ کے اندر موجود تھی جب امریکی فوجیوں نے آپریشن کیا تھا۔ مغربی ممالک کی خفیہ ایجنسیاں گزشتہ دو برس سے حمزہ بن لادن کی تلاش میں مصروف ہے جسے اسامہ بن لادن کے بعد نوجوان نسل بہت تیزی سے اپنا ہیرو تسلیم کررہی ہے۔

خیال رہے کہ اسامہ بن لادن کا بیٹا خالد بھی ایبٹ آباد آپریشن میں جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ ان کا تیسرا بیٹا سعد 2009 میں افغانستان میں ہوئے ڈرون حملے میں جاں بحق ہوا تھا۔کمپاؤنڈ سے ملےخطوط سے واضح ہوتا ہے کہ اسامہ بن لادن سعد کا بدلہ لینے کے لئے حمزہ کو تیار کر رہا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے حمزہ بن لادن کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسامہ کی موت کے بعد اس کے بیوی بچے سعودی عرب چلے گئےتھے جہاں انہیں سابق شہزادے محمد بن نائف نے پناہ دی تھی۔ اسامہ کی بیویاں اور بچے لگاتار اسامہ کی ماں عالیہ غنیم سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ حال ہی میں اسامہ کی ماں کا پہلا انٹرویو منظر عام پر آیا تھا ۔ اسامہ کی ماں نے انٹرویو کے دوران لادن کو ’اچھا بچہ‘ قرار دیا تھا۔ انٹرویو کے دوران ان کے خاندان نے دعوی کیا تھا کہ سال 1999 کے بعد سے ان کا اسامہ بن لادن کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔