قومی مفاد میں اپوزیشن اتحاد وقت کی ضرورت: نتیش کمار

نتیش کمار نے کہا کہ ملک کو بی جے پی کی خراب حکمرانی سے بچانے کے لئے وہ زیادہ سے زیادہ اپوزیشن لیڈروں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

user

یو این آئی

لکھنؤ: اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب سے قبل اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کرنے کی مہم پر نکلے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پیر کو یہاں سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بہار کے نائب وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) لیڈر تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ تقریباً 45 منٹ تک دونوں لیڈڑوں کے درمیان چلی میٹنگ کے بعد نتیش کمار نے پارٹی دفتر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کو بی جے پی کی خراب حکمرانی سے بچانے کے لئے وہ زیادہ سے زیادہ اپوزیشن لیڈروں کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں آج ان کی ایس پی صدر سے بات چیت ہوئی ہے۔ بی جے پی حکومت مفاد عامہ اور قومی مفاد میں کوئی کام نہیں کر رہی ہے بلکہ صرف اشتہار بازی میں مصروف ہے۔ قومی مفاد میں اس وقت اپوزیشن اتحاد کی بہت ہی ضرورت ہے۔

اس سے پہلے ایس پی صدر اکھلیش یادو نے اپوزیشن اتحاد میں شراکت داری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ 'بی جے پی حکومت میں جمہوریت اور آئین دونوں بحران میں ہیں۔ بی جے پی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مزدور کسان غریب سماج بحران میں ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری شباب پر ہے۔ بی جے پی کو ہٹانے کے لئے ہم ساتھ ہیں۔ بی جے پی ہٹے دیش بچے اس مہم میں ہم آپ کے ساتھ ہیں'۔


نتیش کمار نے کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں مل کر کام کریں تی تو ملک کو بی جے پی سے نجات ملے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ملک کی تاریخ کو بدلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اگلے سال ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو ہرانے کے لئے سبھی اپوزیشن پارٹیوں کا متحد ہونا ضرور ہے۔ اس لئے وہ سب سے بات چیت پہلے سے ہی کر رہے ہیں اور آگے بھی بات کرتے رہیں گے۔ ان کی کوشش ہے کہ ساری پارٹیاں ایک ساتھ مل کر لڑیں جس سے سبھی کا فائدہ ہوگا اور ملک کا بھلا ہوگا۔

جنتا دل یونائیٹیڈ صدر نے کہا 'مفاد عامہ میں ساری پارٹیوں کو متحد کریں گے۔ سب متحد ہوجائیں گے تو مل جل کر لیڈر کام کرلیں گے۔ ہم کو لیڈر نہیں بننا ہے۔ ہم صرف سب کو متحد کرنے میں لگے ہیں۔ ہم سب ملکی مفاد میں کام کریں گے۔ باقی دیگر لوگ مل کر سب کام کریں گے۔ سب مل کر محبت کے ساتھ کام کریں گے تو نتیجہ بہت اچھا ہوگا۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمومایاوتی سے ملنے کے سوال کو نظر انداز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ابھی تو ہم ان سے مل رہے ہیں۔ اترپردیش سے لگاؤ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا یوپی سے بہار کا تعلق جگ ظاہر ہے اور ہم سماج وادی لوگ ہیں۔ ہمارا رشتہ ایک سا ہے۔ ہمارے گرو ایک ہیں۔


لکھنؤ میں ہلکی بارش کے درمیان کمار اور تیجسوی یادو لکھنؤ پہنچے۔ ائیر پورٹ پر ان کا استقبال ایس پی کے جنرل سکریٹری شیوپال سنگھ یادو اور ریاستی صدر نریش اتم پٹیل نے کیا۔ پارٹی دفتر پر اکھلیش یادو نے گرمجوشی سے دونوں لیڈران کو گلدستہ دے کر استقبال کیا۔ بعد میں ان کے درمیان ایک کمرے میں میٹنگ شروع ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ نتیش کمار اس سے پہلے دہلی میں آپ کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔ آج ہی کمار نے کولکاتہ میں ترنمول کانگریس صدر اور بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی سے ملاقات کی تھی۔ ایس پی نے پہلے لوک سبھا الیکشن تنہا لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔