ایس سی/ایس ٹی ایکٹ پر عدالت کے فیصلہ سے فکرمند اپوزیشن کی صدر جمہوریہ سے ملاقات

اپوزیشن لیڈران نے کانگریس سربراہ راہل گاندھی کی قیادت میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی اوران کے سامنے اپنی فکر کا اظہار کیا۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

آج یعنی 28 مارچ کو اپوزیشن لیڈروں نے ایس سی/ایس ٹی قانون میں سپریم کورٹ کے ذریعہ کی گئی تبدیلی سے متعلق صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کانگریس سربراہ راہل گاندھی، بی ایس پی لیڈر ستیش چندر مشرا، سماجوادی پارٹی لیڈر وشومبھر پرساد، سی پی آئی ایم لیڈر ٹی کے رنگ راجن اور ڈی ایم کے لیڈر ایلانگوان وغیرہ اپوزیشن لیڈران موجود تھے جنھوں نے صدر جمہوریہ کے سامنے اپنی فکر مندی کا اظہار کیا اور انھیں ایک عرضداشت پیش کی۔

صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایس سی اور ایس ٹی ایکٹ کو تبدیل کیا گیا ہے۔ ہم صدر جمہوریہ جی کے پاس گئے اور انھیں بتایا کہ ایک طرف دلتوں اور قبائلیوں پر مظالم ہو رہے ہیں اور دوسری طرف ان کا جو سب سے بڑا ہتھیار ہے اس کو ہی ختم کیا جا رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’صدر جمہوریہ نے ہماری باتوں کو بغور سنا اور اس سلسلے میں کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔‘‘

بی ایس پی لیڈر ستیش چندرا مشرا نے بھی میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھی اور کہا کہ ’’صدر جمہوریہ جی سے گزارش کی گئی کہ اس معاملے میں شاید حکومت کی جانب سے سنجیدہ پیروی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ایس سی اور ایس ٹی کے خلاف فیصلہ ہوا ہے۔ اس لیے اس میں ریویو پٹیشن فائل کیا جائے، کھلی عدالت میں سماعت ہو اور اس میں باضابطہ ریپریزنٹیشن کر کے وکیلوں کی طرف سے باضابطہ سماعت ہو تاکہ صحیح چیز سامنے آ سکے۔‘‘ سماجوادی پارٹی لیڈر وشومبھر پرساد نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’سپریم کورٹ کا جو ایک حکم ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے بارے میں آیا ہے، اس کے بعد پورے ملک کا دلت طبقہ خود کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ ہم لوگ سپریم کورٹ کے فیصلے کی عزت کرتے ہیں۔ لیکن غور کرنے والی بات یہ ہے کہ اس فیصلہ کے صادر ہونے کے بعد پورے ملک میں کثیر تعداد میں سنگین جرائم کے واقعات ہو رہے ہیں لیکن کوئی ایف آئی آر نہیں لکھی جا رہی۔ اسی لیے ہم آج راہل جی کی قیادت میں اپنی بات رکھنے عزت مآب صدر جمہوریہ جی کے پاس آئے تھے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل کانگریس صدر راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند سے ملاقات کی جانکاری دی تھی۔ راہل گاندھی نے اس ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’پورے ہندوستان میں دلتوں اور قبائلیوں کے خلاف بڑھتے مظالم کے دوران ایس سی/ایس ٹی ایکٹ میں گرفتاری کے ضابطے کو ختم کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈر اس سلسلے میں فکرمند ہیں اور اپنی بات رکھنے کے لیے آج شام صدر جمہوریہ کووند سے ملاقات کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔