اپوزیشن کا ریلوے مسافروں کی حفاظت اور سہولیات بہتر بنانے کا مطالبہ
اپوزیشن نے لوک سبھا میں ریلوے مسافروں کی حفاظت، بھیڑ کم کرنے اور سہولیات بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ریزرویشن، جرائم، ٹرینوں کی کمی اور حادثات کی روک تھام پر بھی تشویش کا اظہار کیا

فائل تصویر سوشل میڈیا
نئی دہلی: لوک سبھا میں وزارت ریلوے کے گرانٹ کے مطالبات پر بحث کے دوران اپوزیشن نے ٹرینوں میں بھیڑ کم کرنے اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا۔
کانگریس کی ورشا گائیکواڑ نے بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو جانوروں کی طرح سفر کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں شدید بھیڑ کے سبب مسافر کھڑے رہنے پر مجبور ہیں، جب کہ اسٹیشنوں پر ہجوم کی وجہ سے بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے چند روز قبل نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکام نے متاثرین کی مدد کے بجائے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ 140 کروڑ کی آبادی والے ملک میں صرف 13 ہزار ٹرینیں ہیں، جو ناکافی ہیں۔ ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے اور کوئی اس کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ محترمہ گائیکواڑ نے مال برداری سے ہونے والی آمدنی میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کا مشورہ دیا۔
ترنمول کانگریس کی شتابدی رائے نے کہا کہ حادثے کے بعد معاوضہ دینا کافی نہیں، بلکہ حادثات کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے ریزرویشن کی طویل ویٹنگ لسٹ اور ٹکٹ منسوخی پر مسافروں سے زیادہ کٹوتی کیے جانے پر سوال اٹھایا۔
محترمہ رائے نے ریلوے کے وزیر سے درخواست کی کہ صرف وندے بھارت اور بلٹ ٹرینوں پر توجہ دینے کے بجائے عام مسافروں کی سہولتوں کو بھی بہتر بنایا جائے، خاص طور پر لوکل ٹرینوں میں بہتری لائی جائے تاکہ روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت مل سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔