آپریشن سندور: ’ہم نے پاکستان کے 5 جنگی طیارے مار گرائے‘، ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ نے کیا انکشاف
فضائیہ چیف امرپریت سنگھ نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے 5 جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔ اس آپریشن کے ذریعہ ہم نے پاکستان کو واضح اور سخت پیغام دیا تھا۔
جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہو گئے تھے۔ اس حملہ کے بعد دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کو انجام دیا تھا۔ اس کے تحت پاکستان مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے کچھ دیگر علاقوں میں دہشت گردانہ اڈوں کو کامیابی کے ساتھ ہدف بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں 100 سے زائد دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔ اب ہندوستانی فضائیہ کے چیف امرپریت سنگھ نے ایک بڑا بیان دیا ہے، جو ’آپریشن سندور‘ کی کامیابی کی طرف واضح اشارہ کر رہا ہے۔
ایئرچیف مارشل امرپریت سنگھ کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے 5 جنگی طیاروں کو مار گرایا تھا۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس آپریشن کے ذریعہ پاکستان کو واضح اور سخت پیغام دیا تھا۔ مار گرائے گئے طیاروں میں پاکستان کے 5 جنگی طیارے اور ایک جاسوسی طیارہ ’اے ڈبلیو اے سی ایس‘ تھا۔
بنگلورو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضائیہ چیف ایئر مارشل اے پی سنگھ نے تصدیق کی کہ ہندوستان نے آپریشن سندور کے دوران پاکستانی فضائیہ کے 5 جنگی طیاروں اور 1 اے ای ڈبلیو اینڈ سی ایس طیارہ کو تباہ کر دیا تھا۔ پاکستان کو ہوئے نقصان کی تعداد کے بارے میں فضائیہ کے اعلیٰ عہدہ سے اس طرح کی تصدیق پہلی بار کی گئی ہے۔ حالانکہ پاکستان کی طرف سے اس بارے میں ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
بنگلورو کی تقریب میں آپریشن سندور کا ذکر کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل نے کہا کہ ’’یہ (بہاولپور-جیش محمد ہیڈکوارٹر میں) ہمارے ذریعہ پہنچائے گئے نقصان کی پہلے اور بعد کی تصویریں ہیں۔ یہاں تقریباً کوئی سامان نہیں بچا ہے۔ آس پاس کی عمارتیں تقریباً پوری طرح محفوظ ہیں۔ ہمارے پاس نہ صرف تصویریں تھیں، بلکہ مقامی میڈیا سے بھی تصویریں تھیں، جن کے ذریعہ ہم اندر کی تصویریں حاصل کر سکتے تھے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’کامیابی کی ایک اہم وجہ سیاسی عزائم ہونا تھا۔ ہمیں بہت واضح ہدایت دی گئی تھی۔ ہم پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی تھی۔ اگر کوئی پابندی تھی، تو وہ خود سے پیدا کی ہوئی تھی۔ ہم نے طے کیا کہ کتنا آگے بڑھنا ہے۔ ہمیں منصوبہ بنانے اور اسے عملی جامہ پہنانے کی پوری آزادی تھی۔ ہمارے حملے سوچ سمجھ کر کیے گئے تھے، کیونکہ ہم اس معاملے میں پختہ ہونا چاہتے تھے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔