مدھیہ پردیش میں حکومت چلانے والے 53 افسران میں سے صرف ایک کا پسماندہ طبقے سے تعلق: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کانگریس کی حکومت بننے پر ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی کی شیوراج حکومت میں 53 افسران نظام سنبھالتے ہیں اور ان میں سے صرف ایک پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتا ہے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بھوپال: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی حکومت بننے پر ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ شیوراج سنگھ چوہان اور 53 افسران مدھیہ پردیش میں حکومت چلاتے ہیں۔ ان 53 افسران میں سے صرف ایک پسماندہ طبقے سے ہے۔

راہل گاندھی نے اشوک نگر اور جبل پور کے جلسوں سے کہا کہ اگر اس ملک میں 50 فیصد او بی سی ہیں تو حکومت چلانے میں 50 فیصد او بی سی کی شراکت ہونی چاہئے، اسی طرح اگر ریاست میں 15 فیصد قبائلی ہیں تو ملک اور ریاست کو چلانے میں 15 فیص قبائلیوں کی شمولیت ہونی چاہئے۔


راہل گاندھی نے کہا ’’میں نے ایک حکومت کو قریب سے دیکھا ہے اور اس کی معلومات ہیں۔ حکومتیں ایم پی یا ایم ایل اے نہیں بلکہ افسران چلاتے ہیں۔ آج ہندوستانی حکومت 90 افسران چلاتے ہیں اور وہی بجٹ تقسیم کرتے ہیں۔ اسی طرح مدھیہ پردیش کا بجٹ تقریباً 3.5 لاکھ کروڑ روپے ہے اور کتنا بجٹ کہاں جائے گا اس کا فیصلہ شیوراج سنگھ چوہان اور ان کے 53 افسران لیتے ہیں۔ مدھیہ پردیش کے 53 افسروں میں سے صرف ایک افسر پسماندہ طبقہ سے ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’نریندر مودی او بی سی ووٹروں کے نام پر الیکشن لڑتے اور جیت کر ان کے ووٹوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں لیکن جب او بی سی کے حقوق کی بات آتی ہے تو وہ خاموش ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ملک میں کوئی ذات نہیں ہے لیکن جب ووٹ مانگنے جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ میں او بی سی ہوں! ہم مدھیہ پردیش اور ملک میں حکومت آنے پر ہم ذات پر مبنی مردم شماری کرانے پر کام کریں گے۔ ہم دلتوں، او بی سی اور قبائلیوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے بھی کام کریں گے۔‘‘


راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ نفرت پھیلاتے ہیں۔ وہ ایک مذہب کے لوگوں کو دوسرے مذہب کے لوگوں سے لڑانے کے لیے کام کرتے ہیں۔ وہ ایک ذات کو دوسری ذات سے لڑانے کے لیے کام کرتے ہیں۔ اگر ملک میں کہیں بھی سب سے زیادہ بے روزگاری ہے تو وہ مدھیہ پردیش میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’کسانوں اور عوام سے 30 ہزار کروڑ روپے لوٹنے کے بعد مودی نے اسے 16 کمپنیوں کو دے دیا ہے۔ شیوراج سنگھ چوہان کے دور حکومت میں مدھیہ پردیش عصمت دری اور بے روزگاری کی راجدھانی بن چکا ہے! وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کے بیٹے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ کروڑوں روپے ادھر ادھر بھیجنے کی بات کر رہے ہیں لیکن میں آپ سے پوچھتا ہوں، کیا مودی نے ان کے یہاں سی بی آئی اور ای ڈی بھیجنے کا کام کیا؟‘‘


اپنی 'بھارت جوڑو یاترا' کا ذکر کرتے ہوئے راہل نے کہا، ’’ہم نے کنیا کماری سے کشمیر تک 4000 کلومیٹر کی 'بھارت جوڑو یاترا' کی۔ اس یاترا نے مجھے مکمل طور پر بدل دیا اور مجھے ایک نیا نقطہ نظر دیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔