رامپور ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے محض 33.94 فیصد ووٹ، اعظم خان کے بیٹے ادیب نے کہا ’الیکشن فیئر نہیں ہوا‘

اسٹرانگ روم پر سبھی پارٹیوں کی سخت نگاہ بنی ہوئی ہے تاکہ کسی طرح کی چھیڑ چھاڑ ای وی ایم سے نہ ہو سکے۔

تصویر بشکریہ عاصم خان
تصویر بشکریہ عاصم خان
user

قومی آوازبیورو

رامپور اسمبلی سیٹ کے لیے ضمنی انتخاب 5 دسمبر کو ہوا تھا، جس کو لے کر ابھی تک علاقے میں چہ می گوئیاں جاری ہیں۔ سب سے زیادہ حیرانی اس بات کو لے کر ظاہر کی جا رہی ہے کہ محض 33.94 فیصد لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ یعنی سماجوادی پارٹی اور دیگر اپوزیشن پارٹی لیڈران کے ذریعہ ووٹروں کے لیے رخنات کھڑے کیے جانے کا جو الزام لگایا جا رہا ہے، اسے پوری طرح سے مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ اب چونکہ نتیجہ کل برآمد ہونا ہے، اس لیے دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ کس پارٹی کا امیدوار فتح کا پرچم لہراتا ہے۔ اس سے پہلے آئیے نظر ڈالتے ہیں کچھ ایسے نکات پر جو رامپور اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔

ای وی ایم پر رکھی جا رہی نظر:

ضمنی انتخاب چھوٹے موٹے تشدد کے واقعات کے درمیان ختم ہوا اور اس کے بعد ای وی ایم کو سخت نگرانی میں سیل کر دیا گیا۔ اس بار 33.94 فیصد یعنی 131515 ووٹرس گھروں سے باہر نکلے اور انھوں نے اپنی پسند کا امیدوار منتخب کیا۔ حالانکہ سماجوادی پارٹی کے امیدوار اور کارکنان ووٹنگ غیر جانبدارانہ طور پر نہ کرائے جانے کی بات کرتے ہوئے نظر آئے۔ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد سخت سیکورٹی اور نگرانی میں ای وی ایم سیل کر کے نوین منڈی احاطہ میں بنائے گئے اسٹرانگ روم میں رکھوائی گئی ہے۔ اسٹرانگ روم پر سبھی پارٹیوں کی سخت نگاہ بنی ہوئی ہے تاکہ کسی طرح کی چھیڑ چھاڑ ای وی ایم سے نہ ہو سکے۔


ضلع پنچایت میں 10 منٹ کے بعد پڑا پہلا ووٹ:

ضلع پنچایت کے پولنگ مرکز کے بوتھ نمبر 259 پر پہلا ووٹ ڈالنے گئے ایک جوڑے نے بتایا کہ مشین خراب ہونے کے سبب ان کا پہلا ووٹ 10 منٹ کے بعد پڑا۔ حالانکہ پولنگ اہلکاروں نے اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں یہ مشین 10 منٹ کے اندر فوراً بدل دی گئی اور تب انھوں نے ووٹ ڈالا۔

نواب کاظم نے اعظم خان سے کہا ’نہٹور چلے جائیں‘:

سابق وزیر اور کانگریس سے نکالے گئے لیڈر نواب کاظم علی خاں عرف نوید میاں نے ووٹ ڈالنے کے بعد اعظم خان پر شدید حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اعظم خان کو اب اپنے گھر نہٹور چلے جانا چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ نواب کاظم نے بی جے پی امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کانگریس نے انھیں پارٹی سے معطل کر دیا۔


ادیب اعظم نے کہا ’الیکشن فیئر نہیں ہوا‘:

اعظم خان کے بڑے بیٹے ادیب اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ اعظم خان کو ووٹ دینے سے لوگوں کو روک دیا گیا، لیکن یہاں ہر شخص اعظم خان ہے۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن فیئر نہیں ہو رہا، باقی سب ٹھیک ٹھاک ہے۔

عبداللہ اعظم نے بھی لگایا الیکشن میں دھاندلی کا الزام:

سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان کے بیٹے اور سوار ٹانڈا سے رکن اسمبلی عبداللہ اعظم خان نے ووٹنگ کے دن ہی پولیس انتظامیہ پر شدید حملہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ رامپور میں ضمنی انتخاب نہیں ہو رہا بلکہ دھاندلی کی جا رہی ہے۔ پولیس انتظامیہ کے ذریعہ ظلم کیا جا رہا ہے۔ مار پیٹ کی جا رہی ہے۔ ووٹروں کو دھمکایا اور پیٹا جا رہا ہے۔ بوتھوں پر جانے نہیں دیا جا رہا۔ گلی محلوں میں بیریکیڈنگ لگائے گئے ہیں۔ جتنا خوف پولیس کا ہے، شاید کسی اور سے نہیں ہوگا۔

(رامپور سے عاصم خان کی رپورٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔