’بہار میں ہر گھر کے ایک رکن کو ملے گی سرکاری ملازمت‘، تیجسوی یادو 20 ماہ میں پورا کریں گے اپنا وعدہ!

تیجسوی یادو نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد بہار کے جس کنبہ کے پاس سرکاری ملازمت نہیں ہے، ایک نیا اصول بنا کر کنبہ کے ایک رکن کو ملازمت دی جائے گی۔ حکومت بننے کے بعد 20 ماہ کے اندر یہ وعدہ پورا ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ایک بڑا اعلان کر برسراقتدار طبقہ میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کے بعد بہار کے ہر اُس کنبہ کے ایک ملازم کو سرکاری ملازمت دی جائے گی، جس کنبہ میں کوئی سرکاری ملازم نہیں ہے۔ اس کے لیے تیجسوی یادو نے نیا قانون بنا کر راہ ہموار کرنے کی بات کہی ہے۔ تیجسوی کا کہنا ہے کہ حکومت بننے کے 20 دنوں کے اندر ہی ایکٹ بنا کر 20 مہینوں میں اپنا وعدہ پورا کریں گے۔ یعنی مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے کے 2 سالوں کے اندر ہر گھر میں کم از کم ایک سرکاری ملازم ضرور ہوگا۔

تیجسوی یادو نے برسراقتدار طبقہ پر مہاگٹھ بندھن کے اعلانات کی نقل کرنے کا الزام بھی عائد کیا، اور کہا کہ آر جے ڈی کا ویژن بہت صاف ہے، پارٹی کو معلوم ہے کہ ریاست سے بے روزگاری کس طرح دور کرنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایسا کوئی گھر نہیں بچے گا جس کے پاس سرکاری ملازمت نہیں ہوگی۔ حکومت بنتے ہی 20 مہینے کے اندر ملازمت دینے کا کام کریں گے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے 20 سالوں تک کوئی ملازمت نہیں دی ہے۔ ہم 20 دنوں میں ایکٹ بنائیں گے۔‘‘


تیجسوی یادو نے کہا کہ 2020 میں ہم نے اعلان کیا تھا کہ حکومت بنتے ہی 10 لاکھ لوگوں کو ملازمت دیں گے۔ موجودہ وزیر اعلیٰ نے اُس وقت سوال کیا تھا کہ یہ ممکن ہے کیا؟ اس کے لیے پیسہ کہاں سے آئے گا؟ اپنے باپ کے پاس سے لائے گا کیا؟ پھر حکومت بننے کے 2 سال بعد بھی کسی کو ملازمت یا روزگار نہیں ملا۔ 20 سال سے حکومت سے ملازمت اور بے روزگاری پر تبادلہ خیال تک نہیں کیا ہے۔

تیجسوی یادو نے بہار کے ہر گھر میں ایک سرکاری ملازم کو یقینی بنانے کا وعدہ کرنے کے ساتھ ساتھ کہا کہ یہ ’’آخری اعلان نہیں ہے۔ بہار میں اب نوکری کی بَہار آئے گی۔ سماجی انصاف کے ساتھ بہار میں معاشی انصاف ہوگا۔ آر جے ڈی جو بولتی ہے، کرتی ہے۔ بہار اب بدنام نہیں ہوگا۔‘‘ تیجسوی نے این ڈی اے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار طبقہ نے 20 سالوں میں لوگوں کو محض سیکورٹی اور بے روزگاری کا خوف دیا ہے۔ اب اس خوف کو ختم کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔