یوم خواتین پر عورتوں کے ہاتھ میں ہوگی کسان تحریک کی باگڈور، 8 مارچ کو سنگھو بارڈر پر کریں گی قیادت

آٹھ مارچ کو یومِ خاتون کے موقع پر اسٹیج پر صرف خواتین موجود رہیں گی اور پورے دن تحریک کی قیادت کریں گی، اس دوران پنجاب اور ہریانہ کی مقامی ثقافتی سرگرمیاں بھی نظر آئیں گی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی جانب سے منظور کرایے گیے تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف سنگھو بارڈر پر چل رہی تحریک 8 مارچ کو ایک منفرد نظارہ پیش کر سکتی ہے، کیونکہ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ان قوانین کے خلاف احتجاج کی کمان خواتین سنبھالیں گی۔ اس دن اسٹیج سمیت پوری تحریک خواتین کے ہاتھ میں ہوگی۔

دہلی اور ہریانہ کے درمیان سنگھو بارڈر پر گزشتہ 100 دن سے دھرنے پر بیٹھے پنجاب کی کسان یونین کے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے احتجاج کے مقام پر یومِ خواتین منانے کی تیاری کر لی ہے۔ 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین مظاہرے کی قیادت کریں گی اور دن بھر اسٹیج کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گی۔


کسان مزدور سنگرش سمیتی (گرداس پور) کے رکن ہریچرن سنگھ نے کہا آٹھ مارچ کو یومِ خاتون کے موقع پر اسٹیج پر صرف خواتین موجود رہیں گی اور پورے دن تحریک کی قیادت کریں گی، اس دوران پنجاب اور ہریانہ کی مقامی ثقافتی سرگرمیاں بھی نظر آئیں گی۔

انہوں نے مزید کہا "ہریانہ اور پنجاب دونوں سے لگ بھگ 500 ٹرالی 6 مارچ کی شام تک سنگھو بارڈر پر پہنچ جائیں گی۔ 3 ماہ سے جاری احتجاج میں دیہات سے ہر خاندان کے مرد ارکان شامل ہوتے رہے ہیں اور خواتین کھیتوں اور کنبوں کی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔ اب یوم خواتین کے موقع پر ہزاروں خواتین یہاں آئیں گی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔