راجیو گاندھی کے یومِ پیدائش پر کھڑگے، پرینکا اور کانگریس رہنماؤں کی ویر بھومی پر حاضری
سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی 80ویں سالگرہ پر ویر بھومی پر ملکارجن کھڑگے، پرینکا گاندھی اور دیگر کانگریس رہنماؤں نے حاضری دے کر پھول چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کیا

نئی دہلی: ہندوستان کے سابق وزیراعظم اور بھارت رتن راجیو گاندھی کی آج 80ویں سالگرہ کے موقع پر کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، کے سی وینوگوپال، سینئر رہنما بھوپندر سنگھ ہڈا اور پارٹی کے دیگر قائدین نے دہلی کے ویر بھومی پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ رہنماؤں نے راجیو گاندھی کی یادگار پر پھول چڑھائے اور ان کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کی سیاست میں امید، جدیدیت اور ترقی کی علامت تھے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اس موقع پر کہا کہ راجیو گاندھی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے ووٹنگ کی عمر کو 18 سال تک کم کرنے، پنچایتی راج کو مضبوط بنانے، انفارمیشن ٹیکنالوجی انقلاب، ٹیلی کام کے فروغ، خواتین کے بااختیار بنانے اور نئی تعلیمی پالیسی جیسے فیصلوں کو ہندوستان میں تبدیلی کی بنیاد قرار دیا۔ کھڑگے نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کو 21ویں صدی کی دہلیز پر پہنچانے کا خواب دکھایا اور اس سمت میں عملی اقدامات کیے۔
پرینکا گاندھی نے بھی انہیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ راجیو گاندھی ہمیشہ نوجوانوں کی آواز بنے اور انہوں نے ملک میں جمہوری اقدار کو مضبوط کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کی۔ انہوں نے کہا کہ راجیو جی کے وژن کے نتیجے میں آج ہندوستان ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
راجیو گاندھی کا شمار ہندوستان کے ان رہنماؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں سیاست اور عوامی خدمت کا منفرد انداز پیش کیا۔ انہوں نے 1984 سے 1989 تک ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے قیادت کی اور پنچایت سطح تک اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنایا۔ اسی کے ساتھ انہوں نے پنجاب، آسام اور میزورم میں امن معاہدے کرکے برسوں سے جاری بدامنی اور شورش پسندی کو ختم کرنے کی کوشش کی۔
ان کے دورِ قیادت میں ہندوستان نے کمپیوٹرائزیشن، ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔ یہی بنیاد آگے چل کر ملک میں آئی ٹی انقلاب کا ذریعہ بنی۔ راجیو گاندھی نے ماحولیات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی کئی اقدامات کیے جن میں سب کے لیے حفاظتی ٹیکوں کا پروگرام اور سائنسی تحقیق کو فروغ دینا شامل ہے۔
راجیو گاندھی کا جنم 20 اگست 1944 کو ہوا تھا۔ وہ 1984 میں اپنی والدہ اندرا گاندھی کے قتل کے بعد اچانک قومی سیاست کے سب سے بڑے منصب پر فائز ہوئے۔ سال 1991 میں لوک سبھا انتخابات کے دوران تمل ناڈو میں ایک انتخابی ریلی کے موقع پر ان پر خودکش حملہ کیا گیا، جس میں وہ شہید ہوگئے۔
ان کے یومِ پیدائش پر کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ راجیو گاندھی کا خواب ایک جدید، خوشحال اور متحد ہندوستان تھا۔ آج بھی ان کے ویژن اور خدمات کو یاد کیا جاتا ہے اور ملک کی نوجوان نسل ان سے رہنمائی حاصل کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔