رافیل معاہدہ: جیٹلی کے جھوٹ پر راہل کا جوابی حملہ

ارون جیٹلی کا کہنا ہے کہ یو پی اے نے بھی اپنے دور میں دفاعی معاہدوں سے متعلق جانکاری نہیں دی۔ اس جھوٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بطور ثبوت دستاویزات پیش کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رافیل معاہدہ سے متعلق کانگریس نے ایک بار پھر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے اس مرتبہ دفاعی سودوں سے متعلق وزیر مالیات ارون جیٹلی کے ذریعہ کانگریس پر لگائے گئے الزامات کے بعد جوابی حملہ کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’محترم جیٹلی جی آپ نے کہا کہ یو پی اے نے کبھی دفاعی خرید کی قیمتیں جاری نہیں کیں؟ آپ کے جھوٹ کے لیے یو پی اے کے ذریعہ قیمت طے کرنے سے متعلق پوری شفافیت کے ساتھ پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے 3 جواب دیے جا رہے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے بطور ثبوت 4 صفحات پر مبنی دستاویزات بھی ٹوئٹ کیا ہے جن میں دفاعی سودے سے متعلق اس وقت کی یو پی اے حکومت کے ذریعہ جواب دیا گیا تھا۔

راہل گاندھی نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں منیش تیواری کے ذریعہ ائیر کرافٹ کیریر ایڈمیرل گورشکوو معاہدہ، اویسی کے ذریعہ سکھوئی-30 طیارہ کا معاہدہ اور کلیکیش نارائن سنگھ دیو کے سوالوں پر دیے گئے جواب شامل ہیں۔ یہ سوال یو پی اے کے دور میں دفاعی معاہدہ سے متعلق حکومت سے پوچھے گئے تھے۔ راہل نے ان سوالات کے جواب بھی ثبوت کے طور پر اس ٹوئٹ میں جاری کیا ہے۔

راہل گاندھی نے وزیر مالیات ارون جیٹلی کے ان الزامات کا جواب دیا ہے جس میں 8 فروری کو ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ رافیل معاہدہ پر کانگریس کو سوال اٹھانے کا حق نہیں ہے۔ جیٹلی نے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ ’’اس معاہدے پر یو پی اے حکومت کے دور میں بھی سوال کھڑے کیے گئے تھے جس پر اس وقت کے مرکزی وزیر پرنب مکھرجی نے سوالوں کا جواب دینے سے منع کر دیا تھا۔‘‘ جیٹلی نے یہ بھی کہا تھا کہ راہل گاندھی رافیل معاہدہ پر سوال اٹھانے سے پہلے پرنب مکھرجی سے جا کر ملیں۔ جیٹلی کے ان الزامات پر کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے ایسا جواب دیا ہے جس کے بعد مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔