وزیر اعظم مودی کے یومِ پیدائش پر یوتھ کانگریس نے منایا ’یومِ بے روزگار‘، ’نوکری چور، گدی چھوڑ‘ کے نعروں سے گونج اٹھا دہلی

یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی ’ووٹ چور‘ کے ساتھ ساتھ ’نوکری چور‘ بھی ہیں۔ اس لیے ہم نے ’نوکری چور، گدی چھوڑ‘ کا نعرہ دیا ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>احتجاج کرتے ہوئے ’انڈین یوتھ کانگریس‘، تصویربشکریہ&nbsp;@IYC</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

انڈین یوتھ کانگریس نے بدھ کو دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے یومِ پیدائش کو ’قومی یومِ بے روزگار‘ کے طور پر منایا اور بے روزگاری کے مسئلہ پر علامتی احتجاج کرتے ہوئے چائے-پکوڑے کا اسٹال لگایا۔ اس دوران یوتھ کانگریس کے صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی ’ووٹ چور‘ کے ساتھ ساتھ ’نوکری چور‘ بھی ہیں۔ اس لیے ہم نے ’نوکری چور، گدی چھوڑ‘ کا نعرہ دیا ہے۔‘‘

انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تنظیم کے کارکنان نے وزیر اعظم مودی کے یومِ پیدائش پر علامتی احتجاج کرتے ہوئے چائے-پکوڑے کی دکان لگائی اور انہیں کالے غباروں سے سجایا۔ تنظیم نے کہا کہ ’’اس کے پس پردہ اصل مقصد یہ ظاہر کرنا تھا کہ آج ملک کے نوجوان ڈگری ہونے کے باوجود چائے اور پکوڑے کی دکان لگانے کو مجبور ہیں۔‘‘


اس موقع پر موجود انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ ’’50 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری آج ہے۔ راہل گاندھی جی نے ثابت کر دیا ہے اور ہم آج پھر سے اعادہ کرتے ہیں کہ مودی جی ’ووٹ چور‘ ہیں اور ’نوکری چور‘ بھی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’مودی جی نے ملک کے نوجوانوں سے ہر سال 2 کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا، اس حساب سے آج ملک میں 22 کروڑ نوجوانوں کو روزگار مل جانا چاہیے تھا، پر حقیقت یہ ہے کہ 22 کروڑ نوجوانوں کو روزگار تو نہیں ملا لیکن 22 کروڑ لوگوں کی درخواستیں ضرور آئیں۔

یوتھ کانگریس نے کہا کہ مودی جی کے یومِ پیدائش پر کہیں کیک کٹا تو کہیں جشن منایا گیا۔ لیکن ملک کے نوجوان اب بھی روزگار کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں۔ آج ’قومی بے روزگار دن‘ پر دہلی کی سڑکوں پر ہزاروں نوجوانوں نے یوتھ کانگریس صدر ادے بھانو چِب کی قیادت میں صاف طور پر کہا ’’نوکری چور، گدی چھوڑ! جو ووٹ چور ہے وہی نوکری چور ہے۔ چوراہے پر آؤ مودی جی، عوام گدی سے دھکیلنا کا انتظار کر رہی ہے۔ مودی جی جملے بہت ہوئے، اب نوکریاں دیجیے! ملک کے نوجوان آپ کو گدی سے دھکیلنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘


دہلی پولیس نے یوتھ کانگریس کے اس احتجاج کو روکنے کی مکمل کوشش کی۔ یوتھ کانگریس نے کہا کہ احتجاجی مظاہرہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے اور عوام کی آواز کو حکومت تک پہنچانا ہمارا فرض ہے۔ کیا مودی-شاہ اتنے ڈر گئے ہیں کہ پولیس کا سہارا لینا پڑ رہا ہے؟ ’نوکری چور، گدی چھوڑ‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔