مہاراشٹر سیاسی بحران: ’باغیوں سے مذاکرات کا وقت گزر چکا‘ شرد پوار سے ملاقات کے بعد سنجے راؤت کا بیان

باغیوں سے بات چیت پر شیو سینا کے لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ اب اس سب کا وقت گزر چکا ہے، راؤت نے کہا کہ انہوں نے غلط قدم اٹھایا، ان کو واپس آنے کا موقع دیا گیا لیکن اب بات آگے نکل گئی

شیو سینا لیڈر سنجے راؤت / IANS
شیو سینا لیڈر سنجے راؤت / IANS
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: این سی پی سربراہ شرد پوار سے ملاقات کے بعد شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ وہ ہار ماننے والے نہیں ہیں۔ ایوان کے فلور پر ہم فتح یاب ہوں گے اور لڑائی سڑک پر ہوئی تو وہاں بھی جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’جس کو بھی ہمارا سامنا کرنا ہے وہ ممبئی آ سکتا ہے۔‘

باغیوں سے بات چیت کے معاملہ پر سنجے راؤت نے کہا ’’اب ان کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے (باغی ارکان اسمبلی) غلط قدم اٹھایا ہے۔ ہم نے انہیں واپس آنے کا موقع بھی دیا لیکن اب وقت ختم ہو چکا ہے۔‘‘ سنجے راوت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور شرد پوار مسلسل رابطے میں ہیں۔ این سی پی، کانگریس اور شیوسینا کے سبھی لیڈر ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔


شرد پوار سے ملاقات سے پہلے سنجے راوت نے کہا کہ ایکناتھ شندے دھڑے کو، جو ہمیں چیلنج کر رہا ہے، یہ سمجھ لینا چاہیے کہ شیوسینا کے کارکن ابھی تک سڑکوں پر نہیں آئے ہیں۔ ایسی لڑائیاں یا تو قانون کے ذریعے لڑی جاتی ہیں یا سڑکوں پر۔ ضرورت پڑی تو ہمارے کارکن سڑکوں پر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کاغذات پر ان کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے لیکن اب یہ قانونی جنگ ہوگی۔ بغاوت شروع کرنے والے ہمارے 12 لوگوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے لیے ہمارے لوگ چیئرمین سے ملاقات کر چکے ہیں۔ راؤت نے کہا کہ 12 ارکان اسمبلی (ایکناتھ شندے دھڑے کے) کی نااہلی کا عمل جاری ہے، ان کی تعداد صرف کاغذ پر ہے۔ شیو سینا ایک بڑا سمندر ہے، ایسی لہریں آتی جاتی رہتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */