حکومت غریب اور پچھڑوں کے ساتھ ناانصافی کرر ہی ہے: راجبھر

راجبھر نے کہا کہ حکومت ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ کی بات کررہی ہے لیکن ملک اور ریاست میں غریب طبقے کے لوگوں کو ریزرویشن میں جو حصہ ہے وہ انہیں نہیں مل رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دیوریا: اترپردیش حکومت میں کابینی وزیر اوم پرکاش راجبھر نے اپنی ہی حکومت پر غریبوں اور پسماندہ طبقات کے ساتھ ناانصافی کا الزام عائد کیا ہے۔

راجبھر نے بدھ کو پرائمری اسکول کے رسوئیوں کے سیمنار میں شرکت کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’’ ہمارا مطالبہ ہے کہ اعلی سماج کے غریبوں کے سمیت سبھی ذاتیوں غرباء کو سروے کی بنیاد پر ریزرویشن ملے۔ اعلی سماج کے غریبوں کے ریزرویشن کا ہم استقبال کرتے ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ اعلی سماج کے غریبوں کو حکومت نے بغیر کسی کمیٹی کی تشکیل کئے 48 گھنٹوں میں ریزرویشن دے دیا۔ ملک میں پسماندہ اور دلتوں میں بھی غریب ہیں ان کو بھی الگ سے ریزرویشن دینے کے نظام کی رپورٹ حکومت کے پاس ہے تو اسے نافذ کیوں نہیں کیا جارہا ہے۔چار مہینے ہوگئے 27 فیصد ریزرویشن میں تقسیم کے سلسلے میں سماجک نیائے کمیٹی نے اپنی رپورٹ دے دی ہے لیکن اس کو نافذ نہیں کیا جارہا ہے۔

راجبھر نے کہا کہ حکومت’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ کی بات کررہی ہے لیکن ملک اور ریاست میں غریب طبقے کے لوگوں کو ریزرویشن میں جو حصہ ہے وہ انہیں نہیں مل رہا ہے۔ ریزرویشن تقسیم کر کے انہیں بھی اس کا فائدہ ملنا چاہئے۔ اس ضمن میں کام کرنے کے لئے حکومت کے پاس وقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں پرائمری اسکولوں میں ایک کروڑ 70 لاکھ بچے پڑھتے ہیں۔پرائمری اسکولوں میں تعلیمی معیار میں بہتری لانے کے لئے کچھ بھی اقدام نہیں کئے جارہے ہیں۔ آزادی کے بعد سے اب تک پرائمری اسکولوں میں ٹاٹ پر ہی پڑھائی کا نظام قائم ہے۔ پرائمری اسکولوں میں افسران، لیڈر، وکیل، ڈاکٹر وغیر ہ کے بچے نہیں پڑھتے۔ وہاں صرف غریبوں کے بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ صرف کاغذوں میں ہی سرکاری اسکولوں کے فروغ کے دعوی کئے جارہے ہیں۔

راجبھر نے کہا کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے آئین میں چار ذاتیوں ایس سی،ایس ٹی، او بی سی اور جنرل کی زمرہ بندی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا نظام ہے کہ ملک میں ایس سی /ایس ٹی سماج کے بیٹے بیٹیوں کو بغیر فیس کے تعلیم دے کر ڈاکٹر انجینئر اور افسربنانے کے لئے ریاست میں 16 مقامات پر مفت کوچنگ کا انتظام ہے جبکہ دیگر ذاتیوں اوبی سی اور جنرل کے بیٹے اور بیٹیوں کو بھی مفت میں تعلیم حاصل کرنے کے نظام کی سہولت ہونی چاہئے۔جس سے ان ذاتیوں کے بچے بھی ڈاکٹر اور افسر بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ اوبی سی اور جنرل سماج کے بچوں کے لئے بھی 18 سرکلوں میں مفت کوچنگ کی سہولت دی جائے۔ ایک سوال کے جواب میں مسٹر راجبھر نے کہا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں وہ بی جے پی سے ملکر انتخاب لڑیں گے لیکن یہ بی جے پی پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ اتحاد کرے گی کہ نہیں۔ اگر وہ ہم سے اتحاد نہیں کرتے ہیں تو ہماری پارٹی ریاست کی تمام سیٹوں سے اپنے امیدوار کھڑا کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔