پارلیمنٹ: اوم بڑلا متفقہ طور سے 17ویں لوک سبھا کے اسپیکر منتخب

اپوزیشن پارٹیوں نے بھی اوم بڑلا کے نام کی حمایت کی۔ ایوان میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری ، دراوڑ منیتر كشگم لیڈر ٹی آر بالو نے بھی ان کے نام کی تجویز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حمایت بھی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ اوم بڑلا بدھ کو اتفاق رائے سے 17 ویں لوک سبھا کے اسپیکر منتخب کئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کے نام کی تجویز پیش کی اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس تجویز کی حمایت کی۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے اوم بڑلا کی عام رائے سے اسپیکر منتخب کرنے کی تجویز پیش کی جس کا سینئر مرکزی وزیر نتن گڈکری نے حمایت کی۔ مرکزی وزیر ارجن منڈا نے ان کے نام کی تجویز پیش کی اور مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک نے اس کی حمایت کی۔ اس طرح سے اوم بڑلا کی حمایت میں کل 14 تجاویز ایوان میں آئیں۔

اپوزیشن پارٹیوں نے بھی ان کے نام کی حمایت کی۔ ایوان میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری ، دراوڑ منیتر كشگم لیڈر ٹی آر بالو نے ان کے نام کی تجویز اور حمایت کی۔ ترنمول کانگریس کے سديپ بند وپادھیائے نے ان کے نام کی تجویز پیش کرکے حمایت کی۔ عارضی ڈپٹی اسپیکر وریندر کمار نے کہا کہ ان کی کوئی تجویز نہیں آئی تھی اس وجہ سے پہلے ان کی اجازت نہیں دی گئی لیکن جب انہوں نے زور دیا تو ان کو حمایت کا موقع دیا گیا جس پر پورے ایوان میں تالیاں گونجنے لگیں۔


اتفاق رائے سے اوم بڑلا کا لوک سبھا اسپیکر منتخب ہونے کے عارضی اسپیکر کے اعلان کے بعد پی ایم مودی، ادھیر رنجن چودھری، آر بالو، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی اور سدیپ بندواپادھيائے سمیت کئی اہم ممبران پارلیمنٹ اوم بڑلا کو لینے ان کی نشست تک گئے اور انہیں اسپیکر کی چیئر تک لائے۔

اس کے بعد شیو سینا کے اروند ساونت نے اوم بڑلا کے نام کی تجویز پیش کی اور وینائك راوت نے ان کی حمایت کی۔بیجو جنتا دل کے پناكی مشرا نے ان کے نام کی تجویز پیش کی اور اچيتانند سامنت نے اس کی حمایت کی۔


اکالی دل بادل کے سكھ بيرسنگھ بادل نے ان کے نام کی تجویز پیش کی جس کا لوک جن شکتی پارٹی کے چراغ پاسوان نے حمایت کی۔ اس کے بعد راجیو رنجن عرف للن سنگھ نے تجویز پیش کی جس کی انوپريا پٹیل نے حمایت کی۔

مرکزی وزیر ڈی وی سدانند گوڈا نے کہا کہ اوم بڑلا کو ایوان کا اسپیکر بنایا جائے جس کی پی وی جیمنی ریڈی نے حمایت کی۔ پرہلاد جوشی کی تجویز کی پی رویندرناتھ کمار نے حمایت کی۔


پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے دو دن تک اراکین کو لوک سبھا کی رکنیت کا حلف دلانے اور اسپیکرکے الیکشن کے عمل کو صحیح طور پر منعقد کرانے کے لئے ڈاکٹر وریندر کمار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لوک سبھا سکریٹری جنرل اسنیہ لتا شریواستو کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حلف دلانے کا کام بہتر طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Jun 2019, 1:10 PM
/* */