اولمپک تمغہ فاتح پہلوان سشیل کمار قتل کے الزام میں گرفتار، پولیس نے رکھا تھا ایک لاکھ روپے کا انعام

اولمپک تمغہ کے فاتح سشیل کمار کو اتوار کے روز دہلی پولیس کی خصوصی سیل نے قتل کے ایک معاملہ میں گرفتار کر لیا، سشیل کے ساتھی اجے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: اولمپک تمغہ فاتح سشیل کمار کو اتوار کے روز دہلی پولیس کی خصوصی سیل نے قتل کے ایک معاملہ میں گرفتار کیا۔ سشیل کے ساتھی اجے کو بھی پکڑا گیا ہے۔ خصوصی سیل نے سشیل کو دہلی کے منڈکا علاقے سے گرفتار کیا ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے سشیل پر ایک لاکھ روپئے اور اجے پر پچاس ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی پہلوان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سشیل کمار مبینہ قتل کے ملزم ہیں اور 4 مئی سے مفرور چل رہے تھے۔ اب ہر الزام ہے کہ 4 مئی کی شب انہوں نے کچھ دوسرے پہلوانوں کے ساتھ مل کر دہلی کے چھترسال اسٹیڈیم کیمپس میں ساگر رانا نامی پہلوان پر حملہ کیا تھا جس کے سبب ان کی موت ہو گئی تھی۔


اسپیشل سی پی، اسپیشل سیل نیرج ٹھاکر نے بتایا کہ پہلوان سشیل کمار کو ان کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا کہ اے سی پی عطر سنگھ کی سرپرستی اور انسپکٹر شیو کمار اور انسپکٹر کرم بیر کی قیادت فمیں سشیل کمار اور اجے کو دہلی کے منڈکا سے گرفتار کیا گیا۔

اس سے قبل دہلی کی ایک عدالت نے سشیل کمار کی پیشگی ضمانت منظور کرنے سے انکار کردیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ کشتی کے پہلوان سشیل کمار بادی النظر سازش کرنے والے ہیں اور اس پر عائد الزامات سنگین ہیں۔ اس کے خلاف قتل، اغوا اور مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


سشیل کمار نے پیشگی ضمانت کے لئے 17 مئی کو دہلی کی روہنی عدالت سے رجوع کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف تحقیقات متعصبانہ ہے اور وہ کسی چوٹ کے ذمہ دار نہیں ہیں۔ اپنی درخواست ضمانت میں سشیل کمار نے تحقیقات میں شامل ہونے اور واقعے کی ایک ’حقیقی اور صحیح تصویر‘ پیش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا تاکہ تفتیشی ایجنسی کو نتیجے پر پہنچنے میں مدد ملے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 May 2021, 11:12 AM
/* */