اوکھلا: الشفاء ہاسپیٹل کے تحت کورونا مریضوں کے لیے ’کووڈ فیلڈ اسپتال‘ کا افتتاح

ہیومن ویلفیر ٹرسٹ کے صدر اور ’کووڈ فیلڈ اسپتال‘ کے سربراہ ٹی عارف علی نے بتایا کہ اسپتال میں 100 آکسیجن سلنڈر، 10 آکسیجن کنسنٹریٹر، نیبولیشن سمیت خواتین و مردوں کے لیے الگ الگ وارڈ کا نظم کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ’دی اسکالراسکول‘ ابوالفضل انکلیو جامعہ نگر (اوکھلا، دہلی) میں آج الشفا ہاسپٹل کے تحت کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے ایک الگ سے ’کووڈ فیلڈ اسپتال‘ کا جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے افتتاح کیا۔ یہ 50 بستروں والا اسپتال یقیناً جا معہ نگر کے مکینوں کے لیے بڑی راحت کا سامان ہے۔

ہیومن ویلفیر ٹرسٹ کی ایک ریلیز کے مطابق امیر جماعت نے کہا کہ اطمینان کی بات ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ایسے افراد اور ادارے سامنے آئے ہیں جنھوں نے انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال پیش کی ہے۔ الشفا ہاسپیٹل اس کی ایک اہم مثال بن کر سامنے آیا ہے۔ گزشتہ دوتین ہفتے سے انتہائی مشکل حا لات کا سامنا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ نوجوان انسانوں کی خدمت کے لیے آگے آئیں۔


ہیومن ویلفیر ٹرسٹ کے صدر اور ’کووڈ فیلڈ اسپتال‘ کے سربراہ ٹی عارف علی نے بتایا کہ اسپتال میں 100 آکسیجن سلنڈر، 10 آکسیجن کنسنٹریٹر، نیبولیشن سمیت خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ وارڈ کا نظم کیا گیا ہے۔ یہاں مریضوں کو تین وقت کا کھانہ بھی دیا جائے گا، علاج کے دوران اگر کسی مریض کو دیگر اسپتال میں داخل کرانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو آکسیجن سپورٹ کے ساتھ 24 گھنٹہ ایمبولینس سروس بھی دستیاب ہوگی۔ ’کووڈ فیلڈ اسپتال‘ کے نظم و ضبط کی مزید بہتری کے لیے ڈاکٹروں پر مشتمل 30 افراد کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

ٹی عارف علی نے یقین دلایا کہ آگے چل کر حالات کے پیش نظر اگرمزید بستروں کو بڑھانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو اسپتال انتظامیہ اس پر بھی غور کرے گی۔ ٹی عارف علی نے مزید بتایا کہ اس اسپتال میں علاج مع کھانہ سبھی خدمات بالکل مفت ہوں گیں۔ معلوم ہو کہ فی الوقت الشفا ہاسپٹل میں کرونا کے مریضوں کے علاج کے لیے 40 بیڈ کی سہولت ICU اور وینٹی لیٹرکے ساتھ دستیاب ہے۔ واضح ہوکہ وژن 2026 کا یہ ’کووڈ فیلڈ اسپتال‘ آسٹر ڈی ایم ہیلتھ کیئر کے اشتراک سے ممکن ہو سکا ہے۔ آسٹر کے والینٹرس اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔