بالاسور ٹرین حادثہ: سی بی آئی نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے 2 انجینئر اور 1 ٹیکنیشین کو کیا گرفتار

جمعہ کے روز ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سی بی آئی نے بالاسور کے سینئر سیکشن انجینئر ارون کمار مہنتو، سوہو کے سینئر سیکشن انجینئر محمد عامر خان اور پپو ٹیکنیشین کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی بی آئی کے دفتر کی تصویر 
سی بی آئی کے دفتر کی تصویر
user

قومی آوازبیورو

اڈیشہ کے بالاسور ٹرین حادثہ معاملہ کی جانچ کر رہی سی بی آئی نے جمعہ کے روز ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 3 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان میں بالاسور کے سینئر سیکشن انجینئر ارون کمار مہنتو، سوہو کے سینئر سیکشن انجینئر محمد عامر خان اور پپو ٹیکنیشین شامل ہیں۔ تینوں کی گرفتاری تعزیرات ہند کی دفعات 304 اور 201 کے تحت ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 25 سالوں میں ملک کے سب سے بڑے ریل حادثات میں سے ایک چنئی جانے والی کورومنڈل ایکسپریس، ہوڑہ جانے والی ایس ایم وی ٹی سپرفاسٹ ایکسپریس اور ایک مال گاڑی بہناگا بازار ریلوے اسٹیشن کے پاس ٹکرا گئی تھیں۔ اس دردناک حادثہ میں 292 لوگوں کی موت ہو گئی اور 1000 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔


اس حادثہ کے بعد ریلوے نے پہلے سی آر ایس (کمشنر ریلوے سیفٹی) جانچ کا حکم دیا اور پھر سی بی آئی جانچ کا بھی حکم صادر کر دیا گیا۔ حادثہ کے بعد سے ریلوے نے جنوب مشرقی ریلوے کے کئی سرکردہ افسران کا ٹرانسفر کر دیا گیا۔ شروعاتی جانچ میں حادثہ کے ممکنہ اسباب کی شکل میں یا تو لاپروائی سے یا ارادہ سے سگنلنگ مداخلت کی بات سامنے آئی تھی۔

ابھی حال ہی میں سی آر ایس کی ایک رپورٹ بھی سامنے آئی تھی جس میں ٹرین حادثے کے پیچھے انسانی غلطی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایسے اشارے ملے ہیں کہ اگر گزشتہ تنبیہ کے بارے میں جانکاری دی جاتی تو حادثہ کو ٹالا جا سکتا تھا۔ اس رپورٹ میں کئی سطحوں پر غلطی کی بات کہی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔