نوئیڈا کی شاردا یونیورسٹی میں اوڈیشہ جیسا واقعہ، ذہنی اذیت کا سامنا کر رہی طالبہ کی خودکشی، دو اساتذہ گرفتار، پرینکا گاندھی برہم
شاردا یونیورسٹی میں بی ڈی ایس کی طالبہ نے مبینہ ذہنی اذیت کے بعد خودکشی کر لی اور سوسائیڈ نوٹ میں دو اساتذہ کو ذمہ دار ٹھہرایا، جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔ پرینکا گاندھی نے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

شاردا یونیورسٹی میں طالبہ کی خودکشی کے خلاف احتجاج کرتے اہل خانہ / آئی اے این ایس
گریٹر نوئیڈا کی شاردا یونیورسٹی میں اوڈیشہ کے بالاسور واقع فقیر موہن کالج جیسا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بی ڈی ایس (سال دوم) کی ایک طالبہ نے مبینہ ذہنی اذیت کے باعث خودکشی کر لی۔ یہ سانحہ تعلیمی اداروں میں ذہنی دباؤ اور انتظامی غفلت پر ایک بار پھر سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔ ہریانہ کے گڑگاؤں کی رہنے والی طالبہ نے جمعہ کے روز ہاسٹل کے کمرے میں پھانسی لگا کر جان دے دی۔ خودکشی سے قبل اس نے ایک سوسائیڈ نوٹ چھوڑا، جس میں دو اساتذہ پر ذہنی اذیت، تضحیک اور مستقل دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پولیس نے دونوں اساتذہ کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ تین دیگر اساتذہ کی بھی جانچ جاری ہے۔
طالبہ کے سوسائیڈ نوٹ میں جن دو اساتذہ کا ذکر ہے، ان کے نام پروفیسر مہندر اور ڈاکٹر شریا (سوسائیڈ نوٹ میں ’شیرگ میم‘) ہیں۔ طالبہ نے لکھا، ’’اگر میری موت ہوتی ہے تو اس کے لیے پی سی پی اور ڈینٹل میٹیریل کے اساتذہ ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے مجھے بار بار ذہنی اذیت دی، میرا مذاق اڑایا اور مجھے احساس دلایا کہ میں ناکام ہوں۔‘‘
طالبہ کی خودکشی کی اطلاع ملتے ہی نالج پارک تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ فورینسک ٹیم نے کمرے کی جانچ کی اور شواہد اکھٹے کیے۔ پولیس نے والدین کی شکایت اور سوسائیڈ نوٹ کی بنیاد پر دو اساتذہ کے خلاف بھارتیہ نیائے سمہتا (بی این ایس) کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔
واقعے کے بعد یونیورسٹی کے طلبہ اور طالبہ کے اہلِ خانہ نے سخت احتجاج کیا۔ طلبہ نے یونیورسٹی کا مرکزی گیٹ بند کر دیا اور کارروائی نہ ہونے کی صورت میں بڑے احتجاج کی دھمکی دی۔ اہل خانہ کا کہنا تھا کہ طالبہ طویل عرصے سے ذہنی دباؤ میں تھی لیکن بارہا شکایت کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ نے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا۔
طالبہ کی والدہ نے بتایا کہ جمعہ کی صبح 8 بجے آخری بار بیٹی سے بات ہوئی تھی لیکن شام میں جب دوبارہ فون کیا گیا تو کوئی جواب نہیں ملا۔ اگلی صبح اطلاع ملی کہ بیٹی نے خودکشی کر لی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لاش کو پولیس کی موجودگی کے بغیر ہٹایا گیا اور جب اہلِ خانہ نے احتجاج کیا تو پولیس نے لاٹھی چارج کیا جس میں کئی رشتہ دار زخمی ہوئے۔
طالبہ کے بھائی نے الزام لگایا کہ بہن کو کلاس میں بار بار ڈرایا جاتا تھا کہ اگر اساتذہ دستخط نہ کریں تو وہ خود سے سائن کر لے، ورنہ فیل کر دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دباؤ اور تضحیک ہی خودکشی کی بنیادی وجہ بنے۔ واقعے نے ریاستی طلبہ تنظیموں کو بھی متحرک کر دیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے طلبہ ونگ کے نمائندے موقع پر پہنچے اور پانچ روز میں دیگر نامزد اساتذہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تنظیم نے ایک واٹس ایپ گروپ بھی بنایا ہے جہاں طلبہ اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
اس معاملے پر کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر انہوں نے لکھا، ’’پہلے اوڈیشہ میں طالبہ کو خودکشی پر مجبور کیا گیا اور اب نوئیڈا کی شاردا یونیورسٹی میں ویسا ہی واقعہ۔ کیا ہمارے تعلیمی ادارے بچوں کے لیے محفوظ نہیں؟ جہاں زندگی ہی غیر محفوظ ہو، وہاں بچے خواب کیسے دیکھیں گے؟ لڑکیاں ویسے ہی ہر مرحلے پر دوگنا جدوجہد کرتی ہیں۔ ایسی وارداتیں ان کے حوصلے توڑتی ہیں۔ مرکز کو سخت قدم اٹھانے چاہئیں تاکہ کیمپس میں یہ سب دوبارہ نہ ہو۔‘‘
یونیورسٹی انتظامیہ نے دونوں اساتذہ کو معطل کر دیا ہے اور ایک اعلیٰ سطحی تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ تین دیگر اساتذہ پر بھی الزام ہے اور ان کی بھی انکوائری پانچ دن میں مکمل کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد کیمپس میں تناؤ تو برقرار ہے مگر حالات قابو میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور سوسائیڈ نوٹ کی مکمل جانچ کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ طالبہ کے اہلِ خانہ اور ساتھی طلبہ کا مطالبہ ہے کہ صرف گرفتاری کافی نہیں، بلکہ یونیورسٹی کے نظام میں بنیادی تبدیلی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔