اوڈیشہ بند: طالبہ کی خودسوزی پر کانگریس سمیت آٹھ جماعتوں کا احتجاج، خواتین کی حفاظت میں ناکامی کا الزام

اوڈیشہ کے بالاسور میں طالبہ کی خودسوزی پر کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے آج یعنی 17 جولائی کو اوڈیشہ بند کا اعلان کیا ہے۔ طالبہ نے پروفیسر پر ہراسانی کا الزام لگایا تھا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

اوڈیشہ کے ضلع بالاسور میں بی ایڈ کی ایک طالبہ کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت پر کارروائی نہ ہونے کے بعد خودسوزی کرنے اور بعد میں دم توڑنے کے واقعے پر سیاسی طوفان برپا ہو گیا ہے۔ کانگریس کی قیادت میں آٹھ اپوزیشن جماعتوں نے آج یعنی جمعرات، 17 جولائی کو اوڈیشہ بند کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی کانگریس صدر بھکت چرن داس نے کہا کہ اس بند کو لیفٹ جماعتوں سمیت دیگر 7 اپوزیشن پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فقیروں کے شہر کہلانے والے بالاسور میں واقع فقیر موہن کالج کا یہ سانحہ خالصتاً اس بات کی علامت ہے کہ ریاستی حکومت خواتین کی حفاظت میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ طالبہ کو انصاف دلانے کے لیے ہی یہ احتجاج منظم کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ بی ایڈ سال دوم کی طالبہ نے سنیچر کے روز کالج کیمپس میں خود کو آگ لگا لی تھی۔ اسے 95 فیصد جھلسنے کے بعد ایمس بھونیشور منتقل کیا گیا، جہاں تین دن موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد پیر کی رات اس کی موت ہو گئی۔ طالبہ نے کالج کے ایک پروفیسر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا تھا اور شکایت کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر وہ یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوئی۔


پولیس نے اس معاملے میں کالج کے پرنسپل اور شعبۂ تعلیم کے سربراہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس واقعے کے بعد ریاست گیر سطح پر غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اوڈیشہ بند کے دوران صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک اسکول، کالج، دکانیں، بازار اور کاروباری مراکز بند رہیں گے۔ بالاسور، بھونیشور اور کٹک سمیت مختلف اضلاع میں پبلک اور پرائیویٹ بسیں سڑکوں سے غائب رہیں گی۔

اگرچہ سرکاری دفاتر میں کوئی باضابطہ تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن ملازمین کی حاضری متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ٹرین خدمات معمول کے مطابق رہیں گی، البتہ مظاہروں کے باعث کچھ تاخیر ممکن ہے۔

ضروری خدمات جیسے اسپتال، ایمرجنسی سہولیات، میڈیکل اسٹورز، دودھ اور پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔ بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) نے بھی واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بدھ کے روز مظاہروں کے دوران دو سابق وزراء سمیت متعدد اپوزیشن کارکن زخمی ہو گئے۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی طالبہ کے والد سے فون پر بات کی اور انہیں انصاف کی جدوجہد میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا، ’’ان کی آواز میں بیٹی کا درد، خواب اور جدوجہد سب کچھ محسوس کیا۔ یہ سانحہ نہ صرف شرمناک ہے بلکہ پورے سماج کے لیے ایک زخم ہے۔‘‘ اوڈیشہ بند کے پرامن رہنے کی امید ہے لیکن سیاسی گرما گرمی میں شدت آنے کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔