اب پاکستان جا رہا پانی روک کر کسانوں کو دیں گے مودی!

مودی نے کہا کہ ملک کے حق کا پانی گزشتہ 70 برسوں سے پاکستان جا رہا۔ اسے روک کر اب ہریانہ کے گھر گھر اور کھیت تک پہنچایا جائے گا اور اس سمت میں کام شروع ہوچکا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چرکھی دادری/کروکشیتر: وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر اب پانی پر سرجیکل اسٹرائیک کرنے کے اشارے دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے حصہ کا جو پانی ندیوں کے ذریعہ سرحد پا رہا ہے اسے روک کر ہریانہ کے گھر گھر اور کسانوں کے کھیتوں تک پہنچایا جائے گا، مودی نے چرکھی دادری اسمبلی حلقہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار ببیتا فوگاٹ کی حمایت میں انتخابی ریلی کے ساتھ ریاست میں آج اپنے دورہ کی شروعات کرتے ہوئے موجود لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی بیٹی کو کامیاب بناکر اسمبلی میں پہنچائیں جو وہاں اس علاقہ کے لوگوں کی آواز بنے گی۔

انہوں نے ریاست کے ہر کسان کے اکاؤنٹ میں سیدھے مدد پہنچانے کی بھی بات کہی، انہوں نے کہا کہ ملک کے حق کا پانی گزشتہ 70برسوں سے پاکستان جا رہا۔ اسے روک کر اب ہریانہ کے گھر گھر اور کھیت تک پہنچایا جائے گا اور اس سمت میں کام شروع ہوچکا ہے۔ اس پانی پر ہریانہ، پنجاب اور راجستھان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے چھوٹے کسانوں کو پنشن سے جوڑنے کا وعدہ کیا تھا اور ریاست میں پارٹی کی حکومت بنتے ہی یہ کام پورا کردیا جائے گا۔


وزیراعظم مودی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کی طرح ہریانہ میں اسمبلی انتخابات میں بھی فضا بدلی نظر آرہی ہے۔ وہ گزشتہ دو دنوں سے ریاست میں الگ الگ مقامات پر جا رہے ہیں اورصاف نظر آرہا ہے کہ عوام نے ایک بار پھر بی جے پی کو خدمت کرنے کا موقع دینا طے کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی دو تین سیٹوں والی بی جے پی آج ریاست میں مسلسل دوسری بار حکومت سازی کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے تقریباََ چار مہینہ پہلے ریاست میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں تمام دس سیٹوں پر بی جے پی کی جیت یقینی بنانے کے لئے بھی عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ یہاں کے عوام کی محبت، محنت اور ایمانداری کی وجہ سے ممکن ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم میں رہتے ہوئے وہ ہریانہ کے کئی علاقوں میں رہے اور یہاں کے عوام سے پیار و محبت ملا۔ میں ریاست میں نہ تو ووٹ مانگنے اور نہ ہی تشہیر کے لئے آتا ہوں بلکہ ہریانہ مجھے خود یہاں کھینچ لاتا ہے۔

انہوں نے شہیدوں کی زمین کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی کی حکومتیں ہونے سے ریاست میں ڈبل انجن سے ترقی ہوئی ہے۔ ریاست میں میڈیکل کالج، صنعت اور لاجسٹک ہب بن رہے ہیں۔ ریاست میں ترقیاتی کام بلاکسی تفریق ہوئے ہیں جبکہ پہلے کی حکومتوں میں ایسا نہیں ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کی محبت نے بانٹنے والی سیاست کو ختم کردیا۔ لوک سبھا انتخابات میں جو محبت ریاست کے عوام نے دی اس کا اثر نظر آرہا ہے۔ پانچ برس میں ترقی کی جو بنیاد ریاست میں بی جے پی نے رکھی اس پر کام شروع ہوچکا ہے۔ ملک کے گاؤں اپنی ثقافت اور وقار قائم رکھتے ہوئے ترقی کی سمت میں خود آگے بڑھ رہے ہیں۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو ’بیٹی بچاو بیٹی پڑھاو‘ تحریک کامیاب نہیں ہوسکتی تھی۔ نہ گھر گھر تک گیس کنیکشن اور سہولیات پہنچتیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Oct 2019, 7:00 PM