اب غیر قانونی کانکنی معاملہ میں برج بھوشن کی مشکلات بڑھیں، این جی ٹی کمیٹی کو ملی جانچ کی ذمہ داری

نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے وزارت ماحولیات کے افسران، آلودگی بورڈ کے افسران اور گونڈا کے ضلع مجسٹریٹ کو معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>برج بھوشن، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

برج بھوشن، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

خاتون پہلوانوں کے جنسی استحصال کے الزامات کا سامنا کر رہے بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اب نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے غیر قانونی کانکنی کے الزامات کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی بنائی ہے۔ این جی ٹی نے وزارت ماحولیات، سی پی سی بی، قومی سوچھ گنگا مشن اور یوپی آلودگی کنٹرول بورڈ کی جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی غیر قانونی کانکنی اور زیادہ وزن والے ٹرکوں کے ذریعہ سے غیر قانونی ٹارنسپورٹیشن کے سبب ماحولیات کو ہوئے نقصان کی جانچ کرے گی۔

ٹریبونل نے وزارت ماحولیات کے افسران، آلودگی بورڈ کے افسران اور گونڈا کے ضلع مجسٹریٹ کو معاملے کی جانچ کا حکم دیا ہے۔ جانچ کمیٹی گونڈا میں غیر قانونی ریت ڈھلائی، اوور لوڈیڈ ٹرکوں کو ناجائز طریقے سے چلوانے کے الزامات کی جانچ کرے گی۔ این جی ٹی میں داخل عرضی میں کہا گیا ہے کہ ہر دن 700 ٹرک چلتے ہیں۔ ایسے میں سڑکیں خراب ہو رہی ہیں اور پل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ کمیٹی کو 7 نومبر تک جانچ رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ این جی ٹی میں ایک عرضی داخل کی گئی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ گونڈا ضلع کے گاؤں جیت پور، نواب گنج، تحصیل ترب گنج میں مبینہ طور پر ناجائز ریت ڈھلائی کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی اوور لوڈیڈ ٹرکوں کے چلنے سے ٹرانسپورٹیشن، ماحولیات، سڑک، پرتاب گنج پل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ جوائنٹ کمیٹی سائٹ کا دورہ کرے گی اور برج بھوشن شرن سنگھ کی کمپنی ’پروجیکٹ پروپونینٹ‘ سے بات چیت کرے گی۔ ٹریبونل کے حکم کے مطابق جانچ کمیٹی سچائی کا پتہ لگائے گی اور قانون کے تحت ضروری کارروائی کرے گی۔ اس دوران کمپنی کے ملازمین کو جانچ میں تعاون کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ نے پہلے بھی 38 سے زیادہ مجرمانہ معاملوں کا سامنا کیا ہے، جس میں قتل کی کوشش، فساد، اراضی مافیا کے ساتھ رشتوں اور دیگر کئی سنگین الزامات شامل ہیں۔ 2019 کے لوک سبھا انتخاب سے پہلے ان کے ذریعہ داخل حلف نامہ کے مطابق انھیں بری کر دیا گیا تھا۔ برج بھوشن سنگھ پر حال ہی میں خاتون پہلوانوں نے جنسی استحصال کا الزام عائد کیا تھا۔ دہلی پولیس نے ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کر دیا ہے اور کہا ہے کہ الزامات جانچ کے لائق ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔