اب ترون مراری نے گاندھی جی کے بارے میں کیا قابل اعتراض تبصرہ

نرسنگھ پور ضلع ہیڈکوارٹر کے قریب منعقدہ کتھا پروگرام میں شرکت کے لیے پہنچے ترون مراری کی ایک ویڈیو آج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ بابائے قوم گاندھی جی کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کر رہے ہیں۔

مہاتما گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
مہاتما گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نرسنگھ پور: سَنت کالی چرن مہاراج کے ذریعہ بابائے قوم گاندھی جی پر دیے گئے متنازعہ بیان کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا تھا کہ مدھیہ پردیش کے ضلع نرسنگھ پور میں ایک ’کتھا واچک‘ (مذہبی داستان گو) ترون مراری نے گاندھی جی کے بارے میں بے حد قابل اعتراض تبصرہ کر دیا ہے۔

نرسنگھ پور ضلع ہیڈکوارٹر کے قریب منعقدہ ’کَتھا پروگرام‘ میں شرکت کے لیے آئے ’کتھا واچک‘ ترون مراری کی ایک ویڈیو آج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں وہ بابائے قوم گاندھی جی کے بارے میں قابل اعتراض تبصرہ کرتے ہوئے انھیں تقسیمِ ملک کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔ اب یہ معاملہ طول پکڑ رہا ہے۔


ضلع کانگریس کے رہنماؤں نے آج یہاں پولیس سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کر کے اس بابت ایک میمورنڈم سونپا اور ترون مراری کے خلاف فوجداری کی کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے میمورنڈم کے ساتھ ایک سی ڈی بھی سونپی ہے۔ اس تعلق سے پولیس سپرنٹنڈنٹ وی سریواستو نے کہا کہ اس معاملے میں شکایت موصول ہوئی ہے۔ وہ اس بابت تفتیش کروا رہے ہیں۔ بعد ازاں مناسب کارروائی کی جائے گی۔

قبل ازیں متنازعہ سنت کالی چرن نے حال ہی میں رائے پور میں منعقدہ ایک پروگرام میں گاندھی جی کے بارے میں قابل اعتراض باتیں کہی تھیں۔ چھتیس گڑھ حکومت نے فوجداری کا مقدمہ درج کر کے کالی چرن کو مدھیہ پردیش کے کھجوراہو سے گرفتار کر لیا۔ کالی چرن فی الحال رائے پور کی عدالتی تحویل میں جیل میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Jan 2022, 11:50 PM