یوگی کو ’رام مندر ٹرسٹ‘ کا سربراہ بنانے کی بے چینی! الہ آباد کے اکھاڑا پریشد کا بھی مطالبہ

اس سے قبل ’رام جنم بھومی نیاس‘ نے بھی کہا تھا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کی نگرانی کرنے والے ٹرسٹ کی صدارت اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو دی جانی چاہیے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

الہ آباد: اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے صدر نریندر گری نے رام مندر کے لئے بننے والے ٹرسٹ میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ اور گئو رکشک پیٹھا دھیشور یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سے قبل ’رام جنم بھومی نیاس‘ نے بھی کہا تھا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کی نگرانی کرنے والے ٹرسٹ کی صدارت اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو دی جانی چاہیے۔

اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے صدر نریندر گری نے بدھ کو کہا کہ ایودھیا میں رام جنم بھومی پر سپریم کورٹ کی ہدایت پر دہائیوں پرانے معاملے پر دیا گیا فیصلہ استقبال کے قابل ہے۔ عدالت نے تین مہینے کے اندر مرکزی حکومت کو رام مندر تعمیر کی کارروائی کے لئے کمیٹی کی تشکیل کرنے کا حکم دیا ہے۔


پریشد کے صدر نے کہا کہ رام مندر تحریک میں گئورکشک پیٹھ کے مہنت اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے گرو اویدہ ناتھ کا کافی اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کو صوبے کے وزیر اعلی کی حیثیت سے نہیں بلکہ گئورکشک پیٹھ کے پیٹھا دھیشور کی حیثیت سے مندر ٹرسٹ میں شامل کیا جانا چاہیے۔

رام مندر میں سناتن دھرم کے علاوہ کسی دوسرے فرد کو ممبر بنائے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے گری نے کہا کہ 100سال سے زیادہ لمبے وقت کے بعد ایودھیا میں رام مندر کا معاملہ حل ہوا ہے۔ ٹرسٹ میں کسی مسلم یا دوسرے مذہب کے افراد کو شامل کرنا مستقبل میں کسی قسم کے تنازع کو جنم دے سکتا ہے۔ پریشد ایسے کسی بھی قدم کی پرزور مخالفت کرے گی۔


اس سے پہلے رام جنم بھومی نیاس کے صدر مہنت نرتیہ گوپال داس نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ایودھیا میں تعمیر ہونے والے رام مندر کے حوالہ سے قائم ہونے والے ٹرسٹ کا صدر یوگی آدتیہ ناتھ کو بنایا جانا چاہیے۔ مہنت نے کہا کہ آدتیہ ناتھ کو گئو رکشک پیٹھ کے مہنت کے طور پر ٹرسٹ کی صدارت کرنی چاہیے نہ کہ وزیر اعلیٰ کے طور پر۔

علاوہ ازیں دگمبر اکھاڑا نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس کے چیف مہنت سریش داس بدھ کو آدتیہ ناتھ سے اس ایشو پر بات چیت کرنے کے مقصد سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ دگمبر اکھاڑا کے صدر رہے مہنت پرمہنس رام چندر داس 2003 میں انتقال سے پہلے نیاس کے بھی صدر رہ چکے ہیں۔ اکھاڑا اب بھی اس بات پر قائم ہے کہ کسی موجودہ ٹرسٹ کو رام مندر تعمیر کی ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Nov 2019, 4:10 PM