جموں و کشمیر: پنچایتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کیلئے نوٹیفکیشن جاری

پنچایتی انتخابات 2018 کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں پیر کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، اسی روز سرینگر میونسپل کارپوریشن کے نئے منتخب میونسپل کونسلروں کی حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: جموں وکشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر شالین کابرا نے پنچایتی انتخابات 2018 ء کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں پیر کو نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 5 نومبر 2018ء ہوگی۔ کاغذات کی جانچ 6 نومبر 2018ء کو ہوگی اور نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 8 نومبر2018 کو ہوگی۔ پولنگ 24 نومبر 2018ء کو صبح 8بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 24 نومبر2018ء کو ہی ہوگی۔ اِنتخابی عمل 17 دسمبر 2018ء کو مکمل ہوگا۔

کپواڑہ کے کرالہ پورہ، ریڈی چوکی بل، میلیال ،ہندواڑہ، بانڈی پورہ، سمبل، گاندربل، روہامہ، بارہمولہ، سویہ بگ، سرسیار، کیلر، ڈی ایچ پورہ، ڈی کے مرگ، منزگام،پشکم،کرگل، زانسکار، چھچھوٹ، ٹھکسے، لیہہ، نیمواور سسپول جبکہ جموں صوبہ کے درب شالہ، اندروال، مغل میدان، نگسنی، ٹھاٹھری، چرالا، کہارا، گول، گنڈی دھرم، چنینی، چننتا، کیریاں گنڈیال، نگری، بسوہلی، بھونڈ، راجوری، ڈنگری، ستھرا اور ننگلی صاحب سائی بابامیں تیسرے مرحلے کے تحت یہ چناؤ منعقد ہوں گے۔

ادھر، پیر کے روز بنکٹ ہال میں سرینگر میونسپل کارپوریشن کے نئے منتخب میونسپل کونسلروں کی حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے میونسپل کارپوریشن کے 27 وارڈوں کی 26 خواتین اور 45 وارڈوں کے 43 حضرات کو حلف دلایا۔

کل 74وارڈوں میں سے شازیہ رشید نے دو وارڈوں اسلام یاربل اورصفاکدل سے چناؤ جیت لیا ہے۔ جب کہ جنید عظیم متو نے تین وارڈوں راولپوارہ، سولنہ اور بدڈل سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اعجاز احمد جس نے وارڈ 36 سے کامیابی حاصل کی ہے حلف برداری کی رسم پر غیر حاضر تھے۔

وارڈ نمبر 69 صورہ نشست خالی رہی کیونکہ یہاں ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا تھا۔ صوبائی کمشنر نے نئے منتخب کونسلروں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے جمہوریت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے کے لئے شجاعت اور قومی فرض شناسی کا ثبوت دیا۔ صوبائی کمشنر نے کہا کہ تعمیر وترقیاتی کاموں کے حوالے سے لوگوں کو نئے منتخب کونسلروں سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کونسلروں کو لوگوں کی توقعات پر پورا اترنے پر زوردیا۔ تقریب میں ضلع چناؤ آفیسر، کمشنر سرینگر میونسپل کارپوریشن اسسٹنٹ کمشنر، ایس ڈی ایم (ایسٹ ) اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔

دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں پیر کے روز نئے منتخب میونسپل کونسلروں اور میونسپل کمیٹی کے وارڈ ممبران کو حلف دلایا گیا۔ اے ڈی ڈی سی اننت ناگ ریاض احمد صوفی نے 22 میونسپل کونسلروں اورایم سی اچھ بل کے 5وارڈ ممبران اورایم سی سیر ہمدان کے ایک ممبر کو حلف دلایا۔ اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی نے نئے منتخب کونسلروں اوروارڈ ممبران کو مبارکباد دی اور اُن پر اپنے متعلقہ علاقوں کی تعمیر وترقی کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے پر زوردیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔