CAA مظاہرہ: یوگی حکومت عمران پرتاپ گڑھی سے وصولے گی 1 کروڑ روپے، نوٹس جاری

عمران پرتاپ گڑھی پر مراد آباد ضلع انتظامیہ نے سی اے اے مخالف مظاہرہ میں شامل ہونے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک کروڑ 4 لاکھ 8 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف ہو رہے مظاہروں کو دبانے کے لیے یوگی حکومت اور ریاستی انتظامیہ پورا زور لگا رہی ہے، لیکن احتجاج تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ یوگی کی سرپرستی میں ریاستی انتظامیہ نے مظاہروں کے دوران ہوئے تشدد کی وجہ سے عوامی ملکیت کو پہنچے نقصان کی بھرپائی مظاہرین سے ہی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اس سلسلے میں معروف شاعر و کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی کو بھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سی اے اے مخالف مظاہرہ میں شامل ہونے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں عمران پرتاپ گڑھی کو مراد آباد ضلع انتظامیہ ایک کروڑ 4 لاکھ 8 ہزار روپے کے جرمانہ کا نوٹس بھیجا ہے۔ انتظامیہ نے نوٹس میں روزانہ 13 لاکھ 42 ہزار روپے کا خرچ بٹھا کر عمران پرتاپ گڑھی کو نوٹس بھیجا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ مراد آباد کے عیدگاہ میدان میں 29 جنوری سے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ چل رہا ہے۔ ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ اؤل نے اس سلسلہ میں نوٹس جاری کیا ہے۔ خبروں کے مطابق مظاہرہ کو خیر سگالی کے لیے خطرناک ٹھہرایا گیا ہے اور ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ اس کی وجہ سے سیکورٹی کے جو انتظامات کیے گئے ہیں اس پر کافی خرچ ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے اتر پردیش حکومت نے شہریت قانون کی مخالفت کے نام پر تشدد کرنے والوں پر بڑی کارروائی کی تھی اور کئی لوگوں کے خلاف ہرجانہ کے لیے فرمان بھی جاری کیا گیا تھا۔ حالانکہ کئی معاملوں میں عدالت نے کسی بھی طرح کی وصولی پر روک لگا دی ہے اور وصولی کے خلاف داخل عرضی پر سماعت مکمل ہونے کا انتظار کرنے کے لیے کہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Feb 2020, 4:11 PM