سردی کی لپیٹ میں شمالی ہندوستان، راجدھانی دہلی میں درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس تک پہنچا

ملک کی شمالی ریاستوں میں شدید سردی کا زور دیکھا جا رہا ہے۔ دہلی میں آج کم از کم درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 6 اور 7 جنوری کو سردی کی لہر کے ساتھ گھنی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں سردی / Getty Images</p></div>

دہلی میں سردی / Getty Images

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی سے لے کر ملک کے کئی حصوں میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں آج (5 جنوری) کو کم از کم درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق دہلی میں درجہ حرارت صبح 6:10 بجے 3.2 ڈگری اور اس کے بعد 8:30 بجے تک یہ 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ یہ راجدھانی میں اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ اس سے قبل بدھ کی صبح کم از کم درجہ حرارت 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دھند کی چادر میں لپٹی راجدھانی دہلی دھرم شالہ، نینی تال اور دہرادون سے بھی زیادہ سرد ہو گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہندوستان میں اگلے 3 دن تک گھنی سے انتہائی گھنی دھند اور سردی کی لہر برقرار رہے گی۔ اس کے بعد اس کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ، جنوبی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، شمالی وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ میں اگلے دو تین دنوں تک ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اتراکھنڈ اور راجستھان کے مختلف علاقوں میں بھی دو تین دن کے دوران گھنی دھند چھائی رہ سکتی ہے۔


علاقائی موسمیاتی مرکز نئی دہلی کے مطابق دہلی میں 5 جنوری کو کم از کم درجہ حرارت 3 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا۔ وہیں، گھنی دھند کے ساتھ سردی کی لہر کے امکانات ہیں۔ راجدھانی میں 6 اور 7 جنوری کو کم از کم درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ شدید دھند کے ساتھ سردی کی لہر جاری رہے گی۔ 8 جنوری سے پارہ چڑھنے کا امکان ہے۔ اتوار کو راجدھانی میں ہلکی دھند کے ساتھ دن کے وقت مطلع صاف رہے گا۔ 8 جنوری کو کم از کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گھنی دھند کی وجہ سے حد نگاہ 200 میٹر تک کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ریل کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی آنے والی کم از کم 19 ٹرینیں دھند کی وجہ سے ڈیڑھ گھنٹے سے ساڑھے چار گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔ آئی ایم ڈی نے سیٹلائٹ کے ذریعے لی گئی تصاویر شیئر کی ہیں، جن میں ہندوستان کے میدانی علاقوں اور ملحقہ وسطی، مشرقی اور شمالی حصوں میں دھند کی ایک موٹی تہہ نظر آ رہی ہے۔


معلومات کے مطابق، اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پالم آبزرویٹری نے بدھ کی صبح 5.30 بجے 200 میٹر کی حد تک مرئیت ریکارڈ کی۔ دہلی میں کم از کم درجہ حرارت دھرم شالہ (5.2 ڈگری)، نینی تال (6 ڈگری) اور دہرادون (4.5 ڈگری) سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا۔ بدھ کو دہلی یونیورسٹی کے قریب دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 3.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

آئی ایم ڈی کے سینئر سائنسداں آر کے جینامانی نے کہا ’’دہلی میں سردی کی لہر جاری ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی کم ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے سردی برقرار ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ بیشتر مقامات پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 13 سے 15 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ تاہم دہلی میں دھند کی حالت میں بہتری آئی ہے۔ جینامانی نے کہا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک سردی کی لہر اور سرد دن کے حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر سے کچھ بہتری آئے گی جس کا اثر 7 جنوری کے بعد شمالی ہندوستان پر پڑ سکتا ہے۔


سینئر ماہر موسمیات نے کہا کہ پنجاب، ہریانہ، راجستھان، اتر پردیش اور بہار سمیت پورے شمالی ہندوستان میں ایسی ہی صورتحال رہے گی۔ ان ریاستوں میں دن کا درجہ حرارت معمول سے بہت کم رہنے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ 'سرد دن' اسے کہا جاتا ہے جب جب کم از کم درجہ حرارت معمول سے 10 ڈگریی سے کم یا اس کے برابر ہوتا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم از کم 4.5 ڈگری کم ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ 'شدید سرد دن' اس وقت ہوتا ہے جب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 6.5 ڈگری یا اس سے زیادہ کم ہو۔ ایک 'شدید' سردی کی لہر کا اعلان اس وقت کیا جاتا ہے جب کم از کم درجہ حرارت دو ڈگری سیلسیس یا معمول سے 6.4 ڈگری سیلسیس کم ہو جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */