دہلی تشدد: ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہوئی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Feb 2020, 11:29 PM

دہلی تشدد: ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہوئی

دہلی میں اتوار کے روز بھڑکے تشدد میں منگل تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بیشتر ہلاک ہونے والے افراد کو گولی لگی ہے۔

لاٹھی ڈنڈے لے کر ہجوم کی شکل میں لوگ سڑکوں پر نظر آ رہے ہیں اور دکانوں پر حملہ اور گاڑیوں کو آگ رہے ہیں، تاہم دہلی پولیس کے پی آر او کا دعوی ہے کہ حالات اب قابو میں ہیں۔

25 Feb 2020, 10:37 PM

شمال مشرقی دہلی میں دسویں، بارہویں کے امتحانات ملتوی

نئی دہلی: سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے دہلی میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) پر تشدد سے متاثرہ شمال مشرقی علاقوں کے مجموعی طورپر 86مراکز پر 26فروری کو ہونے والے دسویں اور بارہویں کے امتحانات ملتوی کردیئے ہیں۔ اس کے علاوہ بدھ کوبھی شمال مشرقی دہلی کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکو ل بند رہیں گے۔

سی بی ایس ای کے سکریٹری انوراگ ترپاٹھی نے منگل کی رات یہ اطلاع دی۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہاکہ دہلی حکومت کے ڈائرکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی درخواست اور طلبا، اسٹاف اور والدین کی پریشانی نہ ہو اس لئے بورڈ نے دہلی کے شمال مشرقی حصوں میں 26فروری کو ہونے والے دسویں او ربارہویں کے امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایسے امتحانات مراکز، جہاں یہ امتحانات ملتوی کئے گئے ہیں ان کی تفصیلات سی بی ایس ای کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ دہلی کے باقی حصوں میں امتحانات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ متاثرہ طلبا کے لئے امتحان کی اگلی تاریخ کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ دہلی حکومت نے پہلے شمال مشرقی علاقہ کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کی ہدایت کی وجہ سے منگل کو متاثرہ علاقوں میں کوئی بھی سرکاری یا پرائیویٹ اسکول نہیں کھلا اور کل بھی یہ بند رہیں گے۔

25 Feb 2020, 7:32 PM

دہلی کے حالات ہنوز کشیدہ، موج پور سمیت 4 مقامات پر کرفیوں نافذ

شمال مشرقی حالات ہنوز کشیدہ بنے ہوئے ہے۔ میڈیا رپورٹ مطابق تشدد کے پیش نظر ایک ماہ کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ وہیں، تشدد والے 4 مقامات پر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔


25 Feb 2020, 7:03 PM

دہلی تشدد کے لیے مودی کی تنگ فکری ذمہ دار: چدمبرم

نئی دہلی: سابق وزیر داخلہ اور کانگریس کے سینئر رہنما پی چدمبر نے دہلی تشدد کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی مبینہ تنگ نظری کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے منگل کے روز کہا کہ شہریت (ترمیمی) قانون (سی اے اے) کے نفاذ کو ٹال دیا جانا چاہیے۔

مسٹر چدمبرم نے ایک سلسلے وار ٹویٹ میں کہا کہ عوام تنگ نظر والے اور غیر حساس رہنماؤں کو اقتدار سونپنے کی قیمت چکا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو سی اے اے کی مخالفت کرنے والے افراد کی بات سننا چاہیے اور سپریم کورٹ کے فیصلے تک اسے ملتوی کردینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں گذشتہ روز ہونے والے فساد اور اموات کی شدید مذمت کی جانی چاہیے۔

کانگریس کے رہنما نے کہا،’ ہم نے وارننگ دی تھی کہ سی اے اے تقسیم کرنے والا ہے، اسے رد کیا جانا چاہیے لیکن ہماری آواز نہیں سنی گئی۔ ابھی بھی تاخیر نہیں ہوئی ہے اور قانون کی مخالفت کرنے والوں کی بات حکومت کو سننا چاہیے‘۔ چدمبرم نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون 1995 چل رہی تھی اور اسے ترمیم کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ترمیمی قانون کو رد کر دینا چاہیے۔

25 Feb 2020, 6:00 PM

’کپل مشرا کو گرفتار کرو‘ جعفرآباد میٹرو پر خواتین کا مظاہرہ جاری

جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے عین نیچے خواتین کا مظاہرہ جاری ہے۔ خواتین یہاں دھرنے پر بیٹھی ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں مردوں نے انہیں حفاظتی گھیرے میں لیا ہوا ہے۔ موقع پر بڑی تعداد میں پولیس اہلکار بھی موجود ہیں جو مظاہرین سے یہاں سے جانے کے لئے کہہ رہے ہیں۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز

علاقہ کے ڈی سی پی نے مظاہرین سے دھرنا ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔ جبکہ مظاہرین نے دھرنے سے اٹھنے سے انکار کر دیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم یہاں سے چلے جائیں گے لیکن پہلے کپل مشرا کو گرفتار کیا جانے جس نے ایک بڑے علاقہ میں تشدد کو بھڑکایا ہے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز

25 Feb 2020, 5:16 PM

مہلوکین کی تعداد بڑھ کر ہوئی 9، کم و بیش 135 افراد زخمی، 70 افراد کو لگی گولی

شمال مشرقی دہلی میں تشدد کے واقعات میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 9 ہو گئی ہے۔ یہ اطلاع جی ٹی بی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے دی ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سنیل کمار کا کہنا ہے کہ کل 5 لوگوں کی زندگیاں ختم ہوئی تھیں جب کہ آج مزید 5 لوگ تشدد کا شکار ہو گئے۔ اس طرح سے مہلوکین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 9 ہو گئی ہے۔

اس درمیان پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی دہلی میں ہوئے اب تک کے تشدد میں کم و بیش 135 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 70 افراد گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بیشتر زخمی اشخاص کا علاج جی ٹی بی اسپتال میں ہو رہا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے حالات کو دیکھتے ہوئے اسٹریچر اور زخمیوں کو لانے و لے جانے کے لیے استعمال کی جانے والی کرسیوں کی تعداد بھی بڑھا دی ہے۔

25 Feb 2020, 4:38 PM

’جے شری رام‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے شرپسند بھیڑ بھجن پورہ میں کر رہی توڑ پھوڑ

شمال مشرقی دہلی میں حالات کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں اور شرپسند عناصر پر قابو پانے میں دہلی پولس ناکام نظر آ رہی ہے۔ ’نیشنل ہیرالڈ‘ کی نامہ نگار ایشلن میتھیو سے موصول خبروں کے مطابق بھجن پورہ چوک اور کھجوری کی طرف جانے والی سڑک پر شرپسند عناصر نے زبردست توڑ پھوڑ کی ہوئی ہے اور سڑک کنارے لگی ہوئی دکانوں کو کافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ شرپسند عناصر کی بھیڑ لگاتار ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگاتی ہوئی عوامی ملکیت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ اس درمیان کئی گاڑیوں کو نذر آتش کیے جانے کی خبریں آ رہی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لیے پولس کے ذریعہ آنسو گیس کے گولے بھی داغے گئے ہیں۔ نامہ نگار ایشلن میتھیو اس آنسو گیس کے گولے کے قریب تھیں جنھیں قریب میں موجود ایک گھر کی خواتین نے پکڑ کر اندر بلا لیا۔ کافی دیر تک ایشلن میتھیو اس گھر میں ہی بند رہیں کیونکہ باہر آنسو گیس پھیلا ہوا تھا اور حالات بھی کافی کشیدہ تھے۔


25 Feb 2020, 4:18 PM

پچھلے دو دنوں میں دہلی میں ہوئے تشدد سے پورا ملک فکر مند: اروند کیجریوال

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے راج گھاٹ پر پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ دو دنوں میں دہلی میں ہوئے تشدد سے پورا ملک فکر مند ہے۔ جان اور مال کا نقصان ہوا ہے۔ اگر تشدد بڑھتا ہے تو اس سے سبھی متاثر ہوں گے۔‘‘

25 Feb 2020, 3:01 PM

بھجن پورہ چوک پر ایک بار پھر پتھراؤ شروع

شمال مشرقی دہلی کے کئی علاقوں میں ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، اس کے باوجود بھجن پورہ سے پتھراؤ کی خبریں آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق بھجن پورہ چوک پر ایک بار پھر دو گروپ کے درمیان پتھر بازی شروع ہو گئی ہے۔ فی الحال اس پتھراؤ میں کسی کے زخمی ہونے کی خبریں نہیں آئی ہیں، لیکن حالات کافی کشیدہ ہیں۔


25 Feb 2020, 1:50 PM

کپل مشرا کے خلاف دہلی میں دو شکایات درج

بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے اتوار اور پیر کے روز شمال مشرقی دہلی میں جس طرح سے اشتعال انگیز بیان بازی کی، اس سے زبردست تشدد کا ماحول پیدا ہوا جس میں اب تک 7 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اب کپل مشرا پر تشدد پیدا کرنے کے الزام میں دو معاملے درج کیے گئے ہیں۔ ایک شکایت عام آدمی پارٹی کی کارپوریٹر ریشما ندیم کی جانب سے درج کرائی گئی ہے اور دوسری شکایت حسیب الحسن نامی شخص نے درج کرائی ہے۔ درج شکایات میں کہا گیا ہے کہ کپل مشرا اشتعال انگیز بیان دے کر لوگوں کو مشتعل کیا جس کے بعد علاقے میں انارکی پھیل گئی۔ بہر حال، فی الحال کپل مشرا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

25 Feb 2020, 12:44 PM

اشتعال انگیز بیان کسی بھی پارٹی کا لیڈر دے، کارروائی ہونی چاہیے: گمبھیر

بی جے پی رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر نے اپنی ہی پارٹی کے لیڈر کپل مشرا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیا نے جب ان سے کپل مشرا کے اشتعال انگیز بیان کے بارے میں پوچھا تو انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’یہ کوئی مطلب نہیں رکھتا کہ وہ شخص کون ہے، وہ کپل مشرا ہے یا کوئی اور، یا پھر وہ کس پارٹی سے تعلق رکھتا ہے، اگر اس نے اشتعال انگیز بیان دیا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔‘‘


25 Feb 2020, 12:10 PM

موج پور میٹرو اسٹیشن کے قریب پھر ہوئی پتھر بازی

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایک بار پھر موج پور میٹر اسٹیشن کے قریب پتھر بازی شروع ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پتھر بازی موج پور میٹرو اسٹیشن سے قریب کبیر نگر علاقے میں ہوئی۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے ہیں۔ حالانکہ پولس نے پہلے ہی بتا رکھا ہے کہ سیکورٹی سخت ہے اور وہ کسی بھی طرح کے حالات پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

25 Feb 2020, 11:42 AM

شمال مشرقی دہلی میں ایک مہینہ کے لیے دفعہ 144 نافذ

راجدھانی دہلی میں سی اے اے اور این آر سی حامی و مخالف گروپ کے درمیان ہوئے تشدد کے بعد دہلی پولس نے منگل کے روز ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے شمال مشرقی دہلی میں مہینہ بھر کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ پولس نے یہ حکم کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے اٹھایا ہے۔ اس سے قبل پولس نے تشدد میں 7 لوگوں کی ہلاکت کی تصدیق کی اور عوامی ملکیت کو ہوئے نقصان کے بارے میں بھی بتایا۔ واضح رہے کہ جن 7 لوگوں کی موت تشدد کے دوران ہوئی ان میں ایک پولس اہلکار بھی شامل ہے۔


25 Feb 2020, 10:54 AM

دہلی تشدد: پولس نے تصادم کی وجہ سے اب تک 7 ہلاکتوں کی تصدیق کی

دہلی پولس نے شمال مشرقی دہلی میں گزشتہ روز ہوئے دو گروپوں کے درمیان تصادم کی وجہ سے 7 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ دہلی پولس کا کہنا ہے کہ ایک پولس اہلکار تشدد کے درمیان ہلاک ہوا جب کہ 6 شہری بھی اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے۔

25 Feb 2020, 10:13 AM

برہمپوری میں پتھراؤ، آر اے ایف جوانوں کے فلیگ مارچ کے دوران 2 خالی کارتوس برآمد

دہلی کے برہمپوری علاقے میں دو گروپوں کے درمیان پتھراؤ کی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ پتھراؤ کے بعد بڑی تعداد میں پولس فورس کی تعیناتی کی گئی ہے اور آر اے ایف کے جوانوں نے علاقے میں فلیگ مارچ بھی کیا۔ اس درمیان آر اے ایف کے جوانوں کو دو خالی کارتوس ملے ہیں۔


25 Feb 2020, 9:37 AM

دہلی: فائر بریگیڈ محکمہ کو پیر سے آج صبح 3 بجے تک آگ زنی کے 45 فون آئے

شمال مشرقی دہلی کے فائر بریگیڈ محکمہ کے ڈائریکٹر کے مطابق پیر کے روز سے آج صبح 3 بجے تک آگ زنی سے جڑے 45 فون کال آ چکے ہیں۔ اب تک 3 فائر بریگیڈ اہلکار زخمی بھی ہو چکے ہیں اور ایک فائر بریگیڈ گاڑی کو نذر آتش کیا جا چکا ہے۔

25 Feb 2020, 8:56 AM

شمال مشرقی دہلی میں حالات ہنوز کشیدہ، 5 موٹر سائیکل نذر آتش

شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف گزشتہ دو مہینے سے زیادہ عرصہ سے دہلی کے مختلف علاقوں میں پرامن دھرنا و مظاہرہ جاری ہے۔ لیکن شمال مشرقی دہلی میں اتوار کے روز سے ہی حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ سی اے اے کی حمایت میں کچھ لوگوں نے آواز اٹھاتے ہوئے فضا کو زہر آلود کر دیا ہے۔ مبینہ طور پر انھوں نے پرامن مظاہرہ کرنے والے لوگوں پر حملہ کیا جس سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آج بھی شمال مشرقی دہلی کے حالات کشیدہ ہیں اور اطلاعات کے مطابق صبح سویرے 5 موٹر سائیکل کو شرپسندوں نے نذر آتش کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */