دہلی-یوپی سمیت کئی ریاستوں میں آندھی-بارش سے عام زندگی متاثر، اڑانوں پر بھی اثر، 48 گھنٹے کے لیے الرٹ جاری
خراب موسم اور رنوے بند ہونے سے اندرا گاندھی ہوائی اڈہ پر400 سے زیادہ پروازوں میں تاخیر ہوئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اگلے کچھ دنوں تک کئی علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

فائل تصویر ویپن/قومی آواز
ملک کی کئی ریاستوں میں موسم کا مزاج بگڑ چکا ہے۔ گزشتہ دو دن سے دہلی-این سی آر سے لے کر یوپی، ہریانہ، پنجاب، راجستھان اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں میں تیز آندھی اور بارش نے عام زندگی مفلوج کر دی ہے۔ حالانکہ لوگوں کو گرمی سے راحت تو ملی ہے لیکن کسانوں کی فصلوں کو کافی نقصان ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں میں حالات مزید بگڑنے کے لیے انتباہ کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اگلے کچھ دنوں تک دہلی-این سی آر سمیت یوپی، پنجاب، ہریانہ وغیرہ ریاستوں میں بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے حالیہ اطلاع میں بتایا کہ اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں 12 اپریل کو اور جھارکھنڈ میں 15 اپریل کو چھٹ پٹ ژالہ باری کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کی بات کی جائے تو اس دوران موسم میں کافی تبدیلی دیکھنے کو ملی۔ جمعہ کو شام میں دہلی-این سی آر سمیت قریبی ریاستوں میں آندھی-طوفان اور ہلکی بارش ہوئی۔ جس سے درجہ حرارت میں کافی کمی آئی ہے۔ اس دوران ہریانہ، اتر پردیش، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، راجستھان، مدھیہ پردیش میں الگ الگ مقامات پر طوفانی ہواؤں کے ساتھ گرج کے ساتھ بارش ہوئی۔ یہ سلسلہ آئندہ کچھ دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
وہیں خراب موسم اور رنوے بند ہونے کی وجہ سے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر لگاتار دوسرے دن ہفتہ کو 400 سے زیادہ پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹیڈ (ڈائل) نے بھی اس کو لے کر معلومات فراہم کی ہے۔ گھریلو و بین الاقوامی پروازوں کی بات کی جائے تو 234 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی اور 175 پروازوں کی آمد میں دیری ہوئی۔ زیادہ تر پروازوں کی اوسطاً روانگی 40 منٹ سے زیادہ رہی۔ ’ڈائل‘ نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر اڑانوں کی آمد و رفت میں بہتری آ رہی ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کچھ ریاستوں میں لُو کو لے کر بھی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق 14 اور 15 اپریل کو مغربی راجستھان میں الگ الگ مقامات پر لُو چلنے کا امکان ہے۔ وہیں 16 سے 18 اپریل کے دوران الگ الگ مقامات پر شدید لُو چلے گی۔ تازہ اطلاع کے مطابق 15 سے 17 اپریل کے دوران گجرات کے الگ الگ علاقوں میں، 16 سے 18 اپریل کے دوران پنجاب، ہریانہ، دہلی، مشرقی راجستھا، مغربی مدھیہ پردیش میں لوگوں کو لُو کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔