رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں تقریباً 150 روپے کا اضافہ، عوام بے حال

انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی میں اب 14 کلو والا رسوئی گیس سلنڈر 858.50 روپے میں ملے گا۔ دہلی میں اضافہ 144.50 روپے کا ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہنگائی دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہے اور اس سے عوام بے حال ہے۔ ہندوستانی عوام کے لیے بری خبر یہ ہے کہ 12 فروری سے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں تقریباً 150 روپے کا اضافہ ہو گیا ہے اور یہ فیصلہ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی ’انڈین‘ نے کیا ہے۔ انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) کی ویب سائٹ پر جاری قیمتوں کے مطابق بغیر سبسیڈی والے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں تقریباً 150 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سبھی میٹرو پولیٹن سٹی میں بغیر سبسیڈی والے 14 کلو کے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں 144.50 روپے سے لے کر 149 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل یکم جنوری 2020 کو رسوئی گیس کی قیمتیں بڑھائی گئی تھیں۔ ہر مہینے سبسیڈی اور مارکیٹ ریٹ میں تبدیلی ہوتی ہے، لیکن فروری کے شروع میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ کچھ لوگ اس فیصلے کو دہلی الیکشن سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں رسوئی گیس کے کل 27.6 کروڑ صارفین ہیں۔ ان میں سے تقریباً دو کروڑ کو سبسیڈی نہیں ملتی ہے۔

بہر حال، انڈین آئل کارپوریشن کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی میں اب 14 کلو والا رسوئی گیس سلنڈر 858.50 روپے میں ملے گا۔ دہلی میں اضافہ 144.50 روپے کا ہوا ہے۔ کولکاتا میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے جہاں صارفین کو ایک سلنڈر پر 149 روپے زیادہ یعنی 896 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ ممبئی میں فی سلنڈر اضافہ 145 روپے کا کیا گیا ہے اور وہاں اب یہ قیمت 829.50 روپے ہو گئی ہے۔ ملک کے جنوبی حصہ واقع چنئی میں 147 روپے فی سلنڈر اضافہ ہوا ہے اور اب یہ قیمت بڑھ کر 881 روپے ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔