نوئیڈا: اومیکس سوسائٹی پر جمعہ کے روز نوئیڈا اتھارٹی نے چلایا بلڈوزر، روتے بلکتے نظر آئے غیر قانونی تعمیرات والے مکین

نوئیڈا اتھارٹی نے سوسائٹی کے لوگوں کو متنبہ کیا تھا کہ جمعرات کی شام تک تجاوزات نہیں ہٹایا گیا تو جمعہ سے اتھارٹی ان کے خلاف کارروائی کرے گا، آج کی بلڈوزر کارروائی اسی تنبیہ کے پیش نظر کی گئی۔

اومیکس سوسائٹی میں بلڈوزر
اومیکس سوسائٹی میں بلڈوزر
user

قومی آوازبیورو

جمعہ کے روز نوئیڈا واقع گرانڈ اومیکس سوسائٹی میں بلڈوزر چلائے جانے سے افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ پولیس کی سخت سیکورٹی کے درمیان نہ صرف درختوں کو بلڈوزر کی مدد سے ہٹایا گیا، بلکہ فلیٹ کے باہر غیر قانونی تعمیرات کو بھی توڑا گیا۔ جب یہ غیر قانونی تعمیرات توڑے جا رہے تھے تو اس کی تعمیر کرنے والے مکین روتے بلکتے ہوئے دکھائی دیے۔

اس موقع پر سوسائٹی کے باشندے بڑی تعداد میں وہاں جمع ہو گئے، خصوصاً شری کانت تیاگی کے گھر کے سامنے لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھی گئی۔ اس دوران مقامی باشندوں نے سوسائٹی کا گیٹ بند کر دیا اور دھرنے پر بھی بیٹھ گئے۔ سوسائٹی کے لوگ تجاوزات نہیں ہٹانے کا مطالبہ کر رہے تھے، لیکن نوئیڈا اتھارٹی کے افسران تجاوزات ہٹانے پر بضد رہے۔


دراصل نوئیڈا اتھارٹی نے سوسائٹی کے لوگوں کو متنبہ کیا تھا کہ اگر جمعرات کی شام تک تجاوزات کو مکینوں نے خود سے نہیں ہٹایا تو جمعہ سے اتھارٹی ان کے خلاف کارروائی کرے گا۔ آج کی بلڈوزر کارروائی اسی تنبیہ کے پیش نظر کی گئی۔ نوئیڈا اتھارٹی کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو افسر پروین مشرا نے بتایا کہ بدھ کو نوئیڈا اتھارٹی کی ٹیم نے سوسائٹی میں پورے دن سروے کیا۔ اس دوران جہاں جہاں لوگوں نے تجاوزات کر رکھا تھا، اس جگہ کو نشان زد کر نوٹس دیا گیا۔ ان لوگوں کو جمعرات کی شام تک تجاوزات ہٹانے کا وقت دیا گیا تھا، لیکن کسی نے اسے نہیں ہٹایا۔ بعد ازاں اتھارٹی نے تجاوزات ہٹانے کی کارروائی شروع کی۔

واضح رہے کہ نوئیڈا سیکٹر 93-بی واقع گرانڈ اومیکس سوسائٹی میں عوامی مقامات پر درخت و پودے لگانے کو لے کر سوسائٹی میں رہنے والی ایک خاتون اور مبینہ بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی کے درمیان اگست ماہ میں تنازعہ ہو گیا تھا۔ اس تنازعہ نے کافی طول پکڑا اور پولیس نے ملزم شری کانت تیاگی کو گرفتار کر اس کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔