مودی حکومت میں صرف تشہیر ہوئی، کام نہیں: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم قوم پرست اور تپسیہ کرنے والے ہیں تو پھر کسانوں، نوجوانوں اور عورتوں کو محفوظ کیوں نہیں رکھتے؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

رتلام: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آج وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال میں ملک میں صرف تشہیر ہوئی، کام نہیں۔

پرینکا گاندھی نے آج مدھیہ پردیش کے رتلام پارلیمانی حلقے سے پارٹی کے امیدوار کانتی لال بھوریا کی حمایت میں یہاں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، یہ بات کہی، اس دوران وزیر اعلی کمل ناتھ بھی موجود تھے۔


انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران، ہر پارٹی کے لیڈر ان چیزوں کے بارے میں بات کرتے ہیں، جن سے عوام کو مطلب ہوتا ہے لیکن 2014 میں دوسری روایت شروع ہوئی۔ صرف پرچار ہوا، کام بالکل نہیں ہوا۔ ایسی باتیں ہوئیں جن سے عوام کو محسوس ہوکہ 70 سال میں ملک میں کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پرچار اور حقیقت میں فرق ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ کو مجاہدہ کرنے والے بتاتے ہیں، مجاہدہ غرور کو توڑتا ہے، لیکن اس کا مجاہدہ نے غرور نہیں توڑا۔


انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت نے تحویل اراضی قانون کو تباہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جس میں قبائلیوں کی رضامندی کے ساتھ ان کی زمین حاصل کی جا سکتی تھی، لیکن آج صنعت کار زمین لے سکتے ہیں اور ان پر قبائلیوں کا حق نہیں بچا۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری نے نوٹ کی منسوخی اور منریگا کے سلسلے میں بھی مرکزی حکومت پر الزام لگایا۔ اس دوران، انہوں نے کبیر داس کے ایک دوہے کے ذریعے بھی مودی کو نرغے میں لیا۔


انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم قوم پرست اور تپسیہ کرنے والے ہیں تو پھر کسانوں، نوجوانوں اور عورتوں کو محفوظ کیوں نہیں رکھتے؟

پرینکا گاندھی واڈرا نے اپنی دادی اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی انہیں جو دیتے تھے وہ ہمیں دکھاتی تھیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی دادی انہیں جنگل، زمین اور جانوروں سے قبائلیوں کے تعلق کے بارے میں بتاتی تھیں۔


انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے انتخابات سے دو مہینے پہلے کسان سمان یوجنا کا آغاز کیا، جس میں ہر دن دو روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے پوچھا کہ یہ کسانوں کا احترام یا توہین۔

اس قبائلی اکثریتی پارلیمانی حلقے میں پرینکا گاندھی واڈرا کی پہلی ریلی تھی۔ ریلی کے دوران، کئی بار چوکیدار سے متعلق متنازع نعرے لگائے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔