وقف ترمیمی بل میں اپوزیشن اراکین کی کوئی سفارش شامل نہیں، بی جے پی فرقہ وارانہ پولرائزیشن میں مصروف: نصیر حسین
کانگریس رکن پارلیمنٹ سید نصیر حسین نے وقف بل میں ترامیم کو آئین کی روح کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذریعہ بی جے پی فرقہ وارانہ پولرائزیشن کی کوششوں میں مصروف ہے۔

نئی دہلی: ’وقف (ترمیمی) بل 2025‘ لوک سبھا کے بعد راجیہ سبھا میں بھی پاس ہو گیا۔ اپوزیشن جماعت کے سخت احتجاج کے باوجود بل کے حمایت میں 128 اور مخالفت میں 95 ووٹ پڑے۔ ایوان میں بل کے خلاف بولتے ہوئے کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور جے پی سی کے ممبر رہے ڈاکٹر سید نصیر حسین نے وقف بل کو بی جے پی کا فرقہ وارانہ پولرائزیشن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے طرف سے یہ کہا جا رہا کہ جے پی سی نے یہ ترامیم تجویز کیں۔ لیکن یہ صرف جے پی سی کے این ڈی اے ممبران پارلیمنٹ کا نظریہ ہے۔ باقی تمام لوگوں اور ان کی سفارشات کو نظر انداز کر دیا گیا۔
سید نصیر حسین نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ 1995 اور 2013 کے بل اگر کسی کو خوش کرنے کے لیے لائے گئے تھے اور سخت تھے، تو بی جے پی ان کی حمایت کیوں کر رہی تھی؟ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی والے پورے ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ 2013 میں بی جے پی نے بل کی حمایت کی، اس کے بعد این ڈی اے 2014 میں اقتدار میں آئی۔ 10 سال تک اقتدار میں رہتے ہوئے اس پر کبھی بات نہیں کی۔ 2024 میں یہ بل یاد آیا، کیونکہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت نہیں ملی تھی۔
سید نصیر حسین کا کہنا ہے کہ بی جے پی چاہتی ہے ایسے معاملات چلتے رہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ملک کو تقسیم کرتے رہیں اور عوام کی توجہ اصل ایشوز سے ہٹاتے رہیں۔ وہ ایسا کر رہے ہیں تاکہ ہندو-مسلم سیاست جاری رہ سکے۔ وقف ایکٹ میں جو ترامیم لائی گئی ہیں، وہ آئین کی روح کے خلاف ہیں۔ آرٹیکل 14، 25، 26، 30 کی خلاف ورزی ہے۔ یہ قانون کے سامنے مساوات کے تصور کے خلاف ہے۔ یہ مختلف طبقات کے لیے قوانین میں برابری کے خلاف ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی جو ’ون نیشن، وَن لاء‘ کے بارے کہتی ہے، یو سی سی کے بارے میں جو کہتی ہے، وقف ترمیمی بل اس کے خلاف بھی ہے۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے وقف ایکٹ اور بورڈ کے بارے میں مسلسل غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں اور گودی میڈیا اس کی مکمل حمایت کر رہا ہے۔ بی جے پی کا آئی ٹی سیل خوف پھیلانے میں لگا ہوا ہے۔ یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آخر وقف کیا ہے؟ اس کا کیا مطلب ہے؟ وقف کا مطلب صدقہ ہے۔ اللہ کے نام سے، اللہ تعالیٰ کے لیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔