یوم جمہوریہ: بہار کی جھانکی کو بھی نہیں ملی منظوری، کانگریس برہم

کانگریس لیڈر سدانند سنگھ نے کہا کہ جس جل جیون-ہریالی موضوع کی اہمیت بین الاقوامی سطح پر ہو اور جس کی تعریف صدر جمہوریہ نے کی ہو، اسے قومی تہوار کے طور پر پریڈ میں شامل نہیں کیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اس مرتبہ یوم جمہوریہ تقریب میں کیرالہ، مغربی بنگال، مہاراشٹر، پڈوچیری اور جھارکھنڈ کے ساتھ ساتھ بہار کی جھانکی کو بھی شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس بات سے کانگریس کافی برہم نظر آ رہی ہے۔ بہار کانگریس نے اس بار یوم جمہوریہ پر بہار کی جھانکی کو شامل نہیں کئے جانے کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ ’’بہار سیاست کا شکار ہو ا ہے اور ریاست کی عوام کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے ۔‘‘

کانگریس کے سنیئر لیڈر سدانند سنگھ نے پٹنہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوم جمہوری کی جھانکی میں بہار سیاست کا شکار ہوا ہے ۔ یہ بہار کی عوام کے ساتھ نا انصافی ہے ۔ جس جل ۔ جیون ۔ہریالی موضوع کی اہمیت بین الاقوامی سطح پر ہو، جس مہم کی تعریف صدر جمہوریہ خود کر رہے ہوں، اسے قومی تہوار کے طور پر پریڈ میں شامل نہیں کیا جانا سمجھ سے بالا تر ہے۔


سدانند سنگھ نے مزید کہاکہ بہار سنجیدہ موضوعات پر ہمیشہ اہم رول ادا کرتا رہا ہے اور آج عالمی سطح پر ماحولیاتی بحران کی فکر ظاہر کی جارہی ہے ۔ اگر کوئی ریاستی حکومت ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دے رہی ہو تو یقینی طور پر اس کی ہمت افزائی ہونی چاہئے۔ لیکن یہ بڑے ہی تعجب کی بات ہے کہ بی جے پی کی مودی حکومت نے جل ۔ جیون ۔ ہریالی موضوع پر بہار کی جھانکی کی تجویز کو خارج کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے محسوس ہوتاہے کہ عوامی مفادات پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔

(یو این آئی اِن پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Jan 2020, 9:30 PM