مہنگائی، بے روزگاری پر بات نہیں صرف مذہب کے نام پر سیاست ہو رہی ہے: شرد پوار

شرد پوار نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ مذہب اور ذات پات کے نام پر ملک کو پیچھے لے جانے کا کام ہو رہا ہےجبکہ بات مہنگائی و بے روزگاری پر ہونی چاہیے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پچھلے کچھ دنوں سے ملک بھر میں فرقہ وارانہ تشدد اوراس پر بحث و مباحثہ جاری ہے۔ چاہے وہ تہواروں کے موقع پر پتھراؤ ہوں یا لاؤڈ سپیکر اور ہنومان چالیسہ پر جھگڑا، ایسے تمام معاملات پر سیاسی ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ این سی پی سربراہ شرد پوار نے اس حوالے سے بیان دیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ اہم مسائل کو چھوڑ کر ملک میں ذات پات اور مذہب جیسے مسائل پر بحث چل رہی ہے، جس کی وجہ سے ملک پسماندگی کی طرف جا رہا ہے۔

سینئر رہنما شرد پوار نے کہا کہ ہم پچھلے کچھ دنوں سے دیکھ رہے ہیں کہ مذہب اور ذات پات کے نام پر ملک کو پیچھے لے جانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ لیکن لوگوں کے اصل مسائل کیا ہیں؟ بڑھتی ہوئی مہنگائی، خوراک اور بے روزگاری ان پر بات ہونی چاہیے، لیکن ان پر کوئی توجہ نہیں دیتا۔


این سی پی سربراہ پوار نے مزید کہا کہ آج اگر آپ ٹی وی کھولیں اور دیکھیں تو کوئی کہتا ہے کہ وہ میٹنگ منعقد کرنے جارہے ہیں، جب کہ دوسرا کہتا ہے کہ وہ ہنومان چالیسہ پڑھنا چاہتے ہیں۔ کیا یہ تمام سوالات آپ کے بنیادی مسائل کا حل ہیں؟ اس سب سے لڑنے کے لیے ہمیں ساہو مہاراج اور بابا صاحب امبیڈکر کے راستے پر چلنا ہوگا۔

اس سے پہلے شرد پوار الزام لگا چکے ہیں کہ دہلی کی طرح مہاراشٹر میں بھی فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ لوگوں اور سماج کو مشتعل کرنے کی مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں۔ ماحول کو خراب کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ اس دوران انہوں نے کہا تھا کہ ہندو مسلم سماج کو بھائی چارہ برقرار رکھنا چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔