شیوسینا سے کوئی اس کا نشان ’تیر اور کمان‘ نہیں لے سکتا: ادھو ٹھاکرے

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ کنفیوژن پیدا کیا جا رہا ہے۔ قانون ساز پارٹی اور رجسٹرڈ پارٹی دو الگ الگ ادارے ہیں۔ کوئی بھی پارٹی کارکنوں کو ساتھ نہیں لے جا سکتا۔

فائل تصویرآئی اے این ایس
فائل تصویرآئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

انتخابی نشان پر مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی قیادت والے باغی دھڑے کے ساتھ تعطل کے درمیان، شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ان کی پارٹی کا نشان "تیر اور کمان" کو کوئی نہیں لے سکتا۔ باندرہ میں اپنی رہائش گاہ ’ ماتوشری‘پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے، ٹھاکرے نے پارٹی باغیوں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو مہاراشٹر میں وسط مدتی انتخابات کا سامنا کرنے کا چیلنج دیا۔

مہاراشٹر میں وسط مدتی انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے، ٹھاکرے نے کہا کہ لوگوں کو ان کی قیادت والی مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) حکومت کو گرانے پر اپنا موقف واضح کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ الیکشن میں ان کی پارٹی کا ساتھ نہیں دیتے تو وہ اسے قبول کر لیں گے۔ وسط مدتی انتخابات ہونے چاہئیں۔ اگر ہم سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو لوگ ہمارا ساتھ نہیں دیں گے اور وہ ہمیں قبول ہوگا۔


ٹھاکرے نے کہا کہ 11 جولائی کو سپریم کورٹ کا آنے والا فیصلہ نہ صرف شیوسینا کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا بلکہ ہندوستانی جمہوریت کے مستقبل کا بھی فیصلہ کرے گا۔ شیوسینا کے 16 باغی ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر سپریم کورٹ اس دن اپنا فیصلہ سنائے گی۔

باغی لیڈروں کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے، ٹھاکرے نے سوال کیا کہ وہ کیسے ماتوشری اور ٹھاکرے خاندان سے محبت کرنے کا دعویٰ کر سکتے ہیں اگر ناراض رہنما ان لوگوں کے ساتھ اتحاد کرتے ہیں جنہوں نے ان پر اور ان کے خاندان کی سخت تنقید کی ہے۔


ٹھاکرے نے کہا، ’’قانون کے مطابق کوئی بھی شیوسینا سے کمان اور تیر کا نشان نہیں چھین سکتا۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ آئینی ماہرین سے بات کرنے کے بعد کہہ رہے ہیں" باغی شیوسینا ایم ایل اے گلاب راؤ پاٹل نے بدھ کو کہا تھا کہ شندے کی قیادت والا دھڑا پارٹی کے تیر کمان کے نشان کا اصل دعویدار ہے۔‘‘

ٹھاکرے نے یہ کہہ کر اپنی پارٹی کے کارکنوں کی پریشانیوں کو دور کرنے کی کوشش کی کہ لوگ ووٹ دیتے وقت صرف پارٹی کے نشان کو نہیں دیکھتے بلکہ وہ یہ بھی دیکھتے ہیں کہ امیدوار شیوسینا سے تعلق رکھتا ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ شیو سینا کی ایک سیاسی جماعت اور مقننہ پارٹی کے طور پر دو الگ الگ شناختیں ہیں اور اگر صرف ایک، 50 یا 100 ایم ایل اے پارٹی چھوڑ دیں تو اس کا وجود ختم نہیں ہوتا۔


ٹھاکرے نے کہا، 'کنفیوژن پیدا کیا جا رہا ہے۔ مقننہ پارٹی اور رجسٹرڈ پارٹی دو الگ الگ ادارے ہیں۔ کوئی بھی پارٹی کارکنوں کو اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتی۔ماضی میں شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر ریاست میں وسط مدتی انتخابات ہوئے تو ان کی پارٹی 100 سے زیادہ سیٹیں جیت لے گی۔

ٹھاکرے نے باغی شیوسینا گروپ کے خاموش رہنے پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جب بی جے پی نے انہیں اور ان کے خاندان کو پچھلے ڈھائی سالوں میں نشانہ بنایا اور "بدتمیزی" کا سہارا لیا تووہ پھر ان کے ساتھ کیوں چلے گئے۔ شندے کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ آپ ان سے رابطے میں رہتے ہیں اور اپنی ہی پارٹی کو اس طرح دھوکہ دیتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی صرف 2019 میں باوقار طریقے سے ہو سکتی تھی نہ کہ "خیانت" کے ساتھ جیسا کہ گزشتہ ہفتے کیا گیا تھا۔ وہ 2019 کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد باری باری چیف منسٹر بننے کے معاملے پر شیوسینا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان علیحدگی کا حوالہ دے رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔