’کورونا سے موت کوئی نہیں روک سکتا، ایک عمر کے بعد لوگ مرتے ہی ہیں‘، بی جے پی وزیر کا متنازعہ بیان

شیوراج حکومت میں وزیر پریم سنگھ پٹیل نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ ’’کورونا سے اموات لگاتار ہو رہی ہیں، میں کہہ رہا ہوں کہ اسے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔‘‘

مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر پریم سنگھ پٹیل
مدھیہ پردیش حکومت میں وزیر پریم سنگھ پٹیل
user

تنویر

ہندوستان کی جن ریاستوں میں کورونا کی دوسری لہر نے قہر برپا کر رکھا ہے، ان میں مدھیہ پردیش بھی شامل ہے۔ بدھ کے روز مدھیہ پردیش میں ریکارڈ اموات درج کی گئی اور پہلی بار ایک دن میں 51 لوگوں کی موت ہوئی۔ علاوہ ازیں ریاست میں سرگرم مریضوں کی تعداد بھی 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ایسے ماحول میں مدھیہ پردیش کے وزیر پریم سنگھ پٹیل کا ایک عجیب و غریب بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کورونا پر قابو پانے کی کوشش سے پلہ جھاڑتے ہوئے کہا ہے کہ ان اموات کو کوئی نہیں روک سکتا۔

شیوراج حکومت میں وزیر پریم سنگھ پٹیل نے اپنے متنازعہ بیان میں کہا ہے کہ ’’کورونا سے اموات لگاتار ہو رہی ہیں، میں کہہ رہا ہوں کہ اسے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔‘‘ حالانکہ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’پورا ملک کہہ رہا ہے کہ کورونا سے بچنے کے لیے ہم سبھی لوگ تعاون کریں۔ ہم سبھی اسمبلی حلقوں میں جا کر لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ ماسک پہنیں اور کورونا سےبچیں۔ ساتھ ہی لوگ سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کریں۔ اگر کسی کو کوئی شبہ ہو تو ڈاکٹروں سے ملیں۔ حکومت نے ہر جگہ پر ڈاکٹروں کا انتظام کیا ہے۔‘‘


پریم سنگھ پٹیل صرف اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، بلکہ انھوں نے حیرت انگیز طور پر یہاں تک کہہ دیا کہ ’’ایک عمر کے بعد سبھی لوگوں کو مرنا ہی پڑتا۔‘‘ مدھیہ پردیش کے وزیر کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے اور لوگ انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کئی سوشل میڈیا یوزر پریم سنگھ پٹیل کی ذہنیت پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔